ارکان اسمبلی کوارٹرس کا جلد افتتاح : اسپیکر اسمبلی

,

   

166 کروڑ سے عصری مکانات کی تعمیر

حیدرآباد ۔ 22 ۔ جنوری (سیاست نیوز) اسپیکر قانون ساز اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی نے کہا کہ ارکان اسمبلی کے لئے تعمیر کردہ کوارٹرس کا جلد افتتاح عمل میں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں مختلف پارٹیوں کے 119 ارکان اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔ ان کے علاوہ ایک رکن اسمبلی کو نامزد کیا گیا۔ جملہ 120 ارکان کے لئے عصری سہولتوں کے ساتھ مکانات تعمیر کئے گئے ہیں۔ 4.5 ایکر اراضی پر تعمیر کردہ کوارٹرس کا جلد افتتاح عمل میں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ کوارٹرس کے الاٹمنٹ کیلئے کمیٹی تشکیل دی جائے گی اور قواعد کے مطابق الاٹمنٹ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 2500 مربع گز کے احاطہ میں ایک بلاک تعمیر کیا گیا ہے۔ گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے تین سیلر تعمیر کئے گئے ہیں۔ ایک وقت میں 200 سے زائد گاڑیوں کو رکھنے کی گنجائش ہے۔ اسپیکر نے بتایا کہ کوارٹرس کی تعمیر پر 166 کروڑ خرچ کئے گئے۔ ہر ایک اپارٹمنٹ کامپلکس میں وزیٹرس کیلئے جگہ رکھی گئی ہے، ایک آفس روم کے علاوہ ڈرائنگ روم ، ماسٹر بیڈ روم ، دو مزید بیڈ روم کے علاوہ اسٹوریج کی جگہ بھی فراہم کی گئی ہے۔ اسپیکر پوچارام سرینواس نے کہاکہ عمارت مکمل ہوگئی ہے اور اِسے منتخب ارکان اسمبلی کے حوالے کیا جائے گا۔ چیف منسٹر چندرشیکھر راؤ سے اِس کے افتتاح کے لئے وقت طے کیاجارہا ہے۔چندرشیکھر راؤ نے ہر ضلع میں پارٹی قائدین کے لئے ٹی آر ایس کیلئے دفاتر تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ پارٹی قائدین سیاسی سرگرمیاں انجام دے سکیں۔