ارکان پارلیمنٹ کو عوام کی توقعات کے مطابق کام کرنا چاہئے: اوم برلا

   

نئی دہلی: لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے کہا ہے کہ عوام پارلیمنٹ کو اپنی سماجی اور معاشی حالت میں تبدیلی کی گاڑی کے طور پر دیکھتے ہیں، ایسے میں پارلیمنٹ کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کی توقعات کے مطابق کام کرے۔ برلا نے یہ بات کینیڈا کے ہیلی فیکس میں منعقدہ 65ویں کامن ویلتھ پارلیمانی کانفرنس میں بدھ کے روز منعقدہ ‘عوامی پارلیمنٹ اختراع کے ذریعے رسائی’ پر ایک ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہی لوک سبھا سکریٹریٹ کے بیان کے مطابق برلا نے کہا کہ پارلیمانی جمہوریت میں عوام کی امیدوں اور امنگوں کا اظہار پارلیمنٹ سے کیا جاتا ہے اور لوگ پارلیمنٹ کو اپنی سماجی اور اقتصادی حالت میں تبدیلی کی گاڑی کے طور پر دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس لیے پارلیمنٹ کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اعلیٰ ترین نمائندہ ادارہ ہونے کے ناطے عوام کی توقعات کے مطابق کام کرے برلا نے کانفرنس کے شرکاء سے کہا کہ وہ ایک خوشحال، جامع اور باشعور معاشرے کی تعمیر کے لیے کام کریں، تاکہ ترقی کے ثمرات معاشرے کے آخری فرد تک پہنچیں۔ ہندوستان میں جمہوری نظام کی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے برلا نے کہا کہ ہمارے ملک کے لوگوں نے آزادی کے بعد سے 75 سالوں میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے ذریعے بارہا جمہوری اداروں پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔