ازبکستان، پاکستان اور سعودی عرب کے مابین شراکت داری کا اہم معاہدہ

   

ریاض؍ اسلام آباد؍ تاشقند: سعودی عرب، پاکستان اور ازبکستان کے مابین سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے شراکت داری کا اہم معاہدہ طے پا گیا۔ازبکستان سے کے ٹریڈ سیکورٹیز اور انشر کیپٹل نے سعودی عرب، پاکستان اور ازبکستان کے درمیان سرحد پار سرمایہ کاری کی حمایت کیلئے ایک اسٹریٹجک شراکت داری قائم کی ہے۔انشر کیپٹل ازبکستان کا سب سے بڑا انویسٹمنٹ بینک ہے جبکہ خادم علی شاہ بخاری سیکیورٹیز لمیٹڈ (KASB) پاکستان میں قائم ایک اسٹاک اور کموڈٹی بروکریج ہے۔کے اے ایس بی لمیٹڈ پاکستان میں سعودی مارکیٹ کی فعال کوریج میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ اس شراکت داری کے ذریعہ دونوں فرمز سرمایہ کاروں کو مالیاتی مشاورتی اور کارپوریٹ فنانس سرویسز فراہم کریں گی۔کے اے ایس بی لمیٹڈ اور انشر کیپٹل مارکیٹ کی توسیع اور غیر ملکی سرمایہ اکٹھا کرنے کیلئے کام کریں گی۔ دونوں فرمز پاکستان، ازبکستان اور سعودی عرب میں سرمایہ کاروں اور تاجروں کی مدد اور رہنمائی کیلئے سرگرم رہیں گی۔