حیدرآباد۔/19 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے واضح کیا کہ سب رجسٹرار کو اسائینڈ اراضیات کے رجسٹریشن کا کوئی اختیار نہیں ہے۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے ضلع کلکٹر رنگاریڈی کو ہدایت دی کہ تنازعہ میں شامل اراضی کی مکمل تفصیلات حاصل کرتے ہوئے اسائینڈ اراضی ثابت ہونے کے باوجود رجسٹریشن کرنے والے سب رجسٹرار اور خانگی افراد کے خلاف کریمنل کیس درج کیا جائے۔ ضلع کلکٹر کو اندرون تین ماہ اراضی سے متعلق تحقیقات مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔ رنگاریڈی ضلع کے معین آباد منڈل کے عزیز نگر میں سروے نمبر 176/23 کے تحت لکشمیا کی 33 گنٹہ اسائینڈ اراضی موجود ہے۔ وارثین میں اراضی کے مسئلہ پر تنازعہ کے بعد اراضی کے کچھ حصہ کو غیر زرعی قرار دیتے ہوئے فروخت کیا گیا۔ اسائینڈ اراضی کے ثابت ہونے کے باوجود فروخت کئے جانے اور رجسٹریشن کے خلاف بعض وارثین ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے۔ جسٹس سی وی بھاسکر ریڈی کی زیر قیادت بنچ نے سماعت کی۔ عدالت نے واضح کیا کہ سب رجسٹرار کو اسائینڈ اراضی کے رجسٹریشن کا حق حاصل نہیں ہے۔ غیر قانونی منتقلی کی صورت میں چھ ماہ کی قید یا 10 ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے یا پھر دونوں سزائیں ایک ساتھ دی جاسکتی ہیں۔ ہائی کورٹ نے ضلع کلکٹر کو اس معاملہ کی جانچ کرتے ہوئے خاطیوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی۔1