اسد الدین اویسی نے پرانے شہر میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خیر مقدم کیا

   

چیف منسٹر کی گاڑی میں حیدرآباد ایم پی کا گولکنڈہ تا فلک نما سفر
حیدرآباد۔8۔مارچ۔(سیاست نیوز) انتخابات کے دوران مسٹر اے ریونت ریڈی کو اپنے کٹر سیاسی حریف اور ’آر ایس ایس انا‘ کہنے والے بیرسٹراسدالدین اویسی رکن پارلیمنٹ و صدر مجلس اتحاد المسلمین نے آج پرانے شہر میں میں چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کا خیر مقدم کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں پر اظہار تشکر کیا۔ بیرسٹر اسدالدین اویسی ابراہیم باغ ‘ قلعہ گولکنڈہ میں ٹمریز کے اسکول کی افتتاحی تقریب کے اختتام کے بعد چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی کار میں بیٹھ گئے اور ان کے ہمراہ جناب محمد علی شبیر بھی موجود تھے۔ چیف منسٹر کی کار میں سوار ہونے کے بعد تینوں قائدین کے درمیان مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور وہاں سے چیف منسٹر کا قافلہ سیدھے فلک نما پہنچا جہاں صدر مجلس نے اپنے خطاب کے دوران مسٹر اے ریونت ریڈی کو ’’ضدی‘‘ شخص قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی ضد ہی تھی جس کے نتیجہ میں آج وہ اس مقام پر ہیں۔ ریاستی اسمبلی انتخابات کے دوران چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کو ’آر ایس ایس انا‘ اور آر ایس ایس کے ایجنٹ قرار دینے والے رکن پارلیمنٹ نے آج ان کی ضد کی ستائش کی اور کہا کہ نفرت کو ختم کرتے ہوئے محبت کو عام کرنے کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔بیرسٹر اسداویسی نے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کواس بات کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ مجلس آپ کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں یقین ہے کہ مسٹر ریونت ریڈی نے انتخابات سے قبل جو وعدے کئے تھے انہیں پورا کریں گے۔ انہوں نے ریونت ریڈی سے فون پر کی گئی نمائندگیوں اور ان پر چیف منسٹر کے فوری ردعمل کا تذکرہ کیا اور کہا کہ فون پر کی گئی نمائندگی کے جواب میں چیف منسٹر نے انہیں فون کرتے ہوئے مذکورہ کاموں کی منظوری اور بجٹ کی اجرائی سے واقف کروایا۔ انتخابات کے دوران ’آر ایس ایس انا‘چیف منسٹر بننے کے بعد صدر مجلس سے اس قدر قریب ہوچکے ہیں کہ چیف منسٹر کے قافلہ میں ان کی ہی کار میں رکن پارلیمنٹ حیدرآباد نے ایک پروگرام سے دوسرے پروگرام میں شرکت کے لئے سفر کیا۔چیف منسٹر نے اپنے دورہ ٔ لندن میں رکن اسمبلی چندرائن گٹہ کو ساتھ لے جانے اور ان کے ساتھ تھیمس ندی کا دورہ کرنے کا بھی تذکرہ کیا۔3