اپنے دوست ریونت ریڈی یا ان کے عزیز دوست بنڈی سنجے کو ؟ بی آر ایس پر تنقید کی مذمت
حیدرآباد ۔ 12 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے سینئیر قائد شیخ عبداللہ سہیل نے صدر مجلس و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد اسد الدین اویسی کی جانب سے بی آر ایس کو تنقید کا نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بحیثیت ایک سیاسی پارٹی سربراہ اور عوامی منتخب نمائندہ انہیں مظلومہ نابالغ لڑکی کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے تھا اور مرکزی مملکتی وزیر کے فرزند کے خلاف پوکسو جیسے سنگین الزامات کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرنا چاہئے تھا اس کے بجائے اسد الدین اویسی بی آر ایس کو نشانہ بنا رہے ہیں ۔ جس کی جدوجہد نے بالآخر ریاستی حکومت کو پوکسو کیس درج کرنے اور تحقیقات کیلئے SIT تشکیل دینے پر مجبور کیا ہے ۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ اسد الدین اویسی کس کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں اپنے دوست چیف منسٹر ریونت ریڈی کو یا چیف منسٹر کے عزیز دوست بنڈی سنجے کو ؟ انہوں نے کہا کہ صدر مجلس اپنے سیاسی مفادات کی خاطر اس حساس معاملے پر پردہ ڈال رہے ہیں ۔ مظلوم خاندان کو انصاف دلانے کی بجائے سیاسی قلابازیوں کی خطرناک چال چل رہے ہیں ۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ اسد الدین اویسی اس معاملے میں بی جے پی یا حکومت کو گھیرنے کے بجائے بی آر ایس کو نشانہ بنا رہے ہیں جب کہ یہ بی آر ایس ہی تھی جس نے سڑکوں پر احتجاج کر کے حکومت اور بی جے پی کے خفیہ گٹھ بندھن کو بے نقاب کیا ہے ۔۔ 2/k/b