اسرائیلیوں کی اکثریت ایران پر جوابی حملے کی مخالف

   

تل ابیب :اسرائیلی شہریوں کی اکثریت نے ایران کی جانب سے اسرائیل پر ڈرونز اور میزائل حملوں کا جواب دینے کی مخالفت کردی۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق عبرانی یونیورسٹی یروشلم کی طرف سے کیے گئے ایک حالیہ سروے میں 52 فیصد اسرائیلیوں نے ایرانی حملے کا جواب دینے کی مخالفت کی۔ ان افراد کا خیال تھا کہ اس اقدام سے خطے میں جاری کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگا۔ایرانی حملے کا جواب دینے کے حامی افراد سے جب یہ سوال کیا گیا کہ یہ جواب کس طرح دیا جائے تو ان میں سے 48 فیصد کا کہنا تھا ایرانی سرزمین کو ہدف بنایا جائے۔ ان میں ہر 3 میں سے ایک کا کہنا تھا اسٹریٹیجک ایٹمی تنصیبات کو ہدف بنایا جانا چاہیے۔سروے میں شہریوں سے سوال کیا گیا کہ ان کے خیال میں اسرائیل ایران کے مقابلے میں زیادہ طاقتور ہے یا نہیں؟ اس کے جواب میں 46 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں اسرائیل ایران سے زیادہ طاقتور جبکہ 27 فیصد کے مطابق اسرائیل ایران کے مقابلے میں کمزور ملک ہے۔