اسرائیلی فوج کی غزہ سے مزید 6 یرغمالیوں کی نعشیں ملنے کی تصدیق

   

تل ابیب: اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ انہیں غزہ کی ایک سرنگ سے 7 اکتوبر کو حماس کی جانب سے اغوا کرکے یرغمال بنائے جانے والے مزید 6 افراد کی لاشیں ملی ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کی خبر کے مطابق اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ جن افراد کی لاشیں ملی ہیں ان میں 5 اسرائیلی اور ایک امریکی شہری شامل ہے جنہیں 7 اکتوبر کو حماس نے اپنے حملے کے بعد اغوا کیا تھا۔ خبر کے مطابق جن افراد کی لاشیں ملی ہیں ان میں 4 مرد اور 2 خواتین شامل ہیں، امریکی شہری ہرش گولڈ برگ پولن کے خاندان کی جانب سے بھی اسکی نعش ملنے کی تصدیق کی گئی ہے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام افراد کی نعشیں ہفتے کے دن غزہ کے شہر رفح کی ایک سرنگ سے ملیں اور ممکنہ طور پر انہیں ایک یا 2 دن پہلے قتل کیا گیا ہے۔ امریکی شہری کی لاش ملنے پر امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے بیان میں کہا کہ گولڈ برگ پولن امریکی شہری تھے اور ان کی نعش ملنے پر میں “غمناک اور غصے میں ہوں، حماس کے رہنما ان جرائم کی قیمت ادا کریں گے”۔ امریکی نائب صدر اور ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار کملا ہیرس نے اپنے ردعمل میں حماس کو دہشتگرد تنظیم قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی خون اس کے ہاتھوں پر ہیں۔ کملا ہیرس نے کہا کہ حماس غزہ کو کنٹرول نہیں کر سکتی، اسرائیلی شہریوں اور اسرائیل میں موجود امریکی شہریوں کو حماس سے جو خطرہ ہے اسے ختم کیا جانا چاہیے۔