تل ابیب :سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں آئی ڈی ایف نے کہا کہ اسرائیلی فوج غزہ میں جنگ بندی پر عمل درآمد کیلئے تیاری کر رہی ہے ۔اسرائیلی فوج نے اپنی تیاریوں کے حوالے سے کہا کہ اس کا تعلق یرغمالیوں سے اس طرح ہے کہ انھیں ماحول میں جذب کرنے میں مدد دی جائے گی، اور اس کیلئے انھیں جسمانی اور ذہنی طور پر مناسب ماحول فراہم کیا جائے گا۔ فوج نے کہا کہ ریاست اسرائیل کے شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کام جاری رکھا جائے گا۔ادھر حماس نے قیدیوں کے تبادلے کے طریقہ کار کی وضاحت کی ہے ، حماس نے اسرائیل کے ساتھ یرغمالیوں کے تبادلے پر ایک بیان جاری کیا ہے ، جس میں گروپ نے کہا کہ حماس سے اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کا طریقہ کار اس بات پر منحصر ہے کہ اسرائیل کتنے فلسطینی قیدیوں کی رہائی پر راضی ہے ۔حماس نے کہا کہ ہر مرحلے پر رہا کیے جانے والے فلسطینی قیدیوں کی فہرست ہر تبادلے کے دن سے پہلے جاری کی جائے گی۔ واضح رہے کہ3 مراحل پر مشتمل جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے میں33 اسرائیلی یرغمالیوں کے بدلے 1,000 سے زیادہ فلسطینی قیدیوں کا تبادلہ متوقع ہے ۔الجزیرہ کے مطابق بدھ کی شب اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ طے پانے کے اعلان کے بعد سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں 33 بچوں سمیت کم از کم 122 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔