اسرائیل نے گوٹیرس کا ملک میں داخلہ بند کردیا،یورپی یونین کی مذمت

   

نیویارک : یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندے برائے خارجہ امور اور سلامتی پالیسی جوزف بوریل نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کو اسرائیل کی جانب سے ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر ملک میں داخلہ بند کرنے کے فیصلے کی مذمت کی ہے۔جوزف بوریل نے اپنے X اکاؤنٹ پر ایک بیان میں کہا کہ ہم ان کے خلاف ہونے والے غیر منصفانہ حملوں اور اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی امور سے منسلک کارکنوں کی خاطر خواہ تعداد میں ہونے والی جانوں کے ضیاع کی سخت مذمت کرتے ہیں۔بوریل نے مزید کہا کہ ہم اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کی مشرق وسطیٰ سمیت تمام متنازعہ علاقوں میں امن کے قیام کے لیے ان کی بے پناہ کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔یورپی یونین کونسل کے صدر چارلس مشیل نے بھی سوشل میڈیا پر کہا کہ ہم اقوام متحدہ کی قیام امن کی کوششوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔