اسرائیل کی طرف جانے والے تمام جہازوں کو نشانہ بنانے کا اعلان

   

اسرائیل کے رفح پر حملہ کیخلاف کاروائی ‘ فوج کے ترجمان یحییٰ ساری کا بیان

صنعا :یمنی حوثیوں کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی طرف جانے والا جو بھی جہاز ہماری رسائی میں آئیگا اسے نشانہ بنائیں گے۔ میڈیا کے مطابق حوثی فوج کے ترجمان یحییٰ ساری کا کہنا ہے کہ بحر روم سے گزرنے والا ہر وہ جہاز جو اسرائیل کی طرف جائیگا اگر وہ ہماری رسائی میں ہوا تو ہم اسے نشانہ بنائیں گے۔حوثی ترجمان یحییٰ ساری نے کہا کہ یہ فیصلہ اسرائیل کے رفح پر حملہ کرنے کی وجہ سے کیا گیا۔ یاد رہے یمن کے حوثی غزہ پر اسرائیلی حملہ ہونے کے بعد پہلے بھی اپنی حدود سے گزرنے والے بحری جہازوں پر حملے کرتے رہے ہیں اور بہت سے جہازوں کو عملے سمیت قبضے میں بھی لیا گیا۔ اسی سال مارچ میں یمن کے حوثیوں نے خلیج عدن میں کمرشل جہاز پر میزائل حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 2 سویلین میرین ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے تھے جب کہ سال 2024 کے پہلے ماہ میں بھی حوثیوں نے بحیرہ احمر میں امریکی بحری جہاز کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنایا تھا جس کی امریکی فوج تصدیق کی تھی۔یمن کے حوثیوں نے چند ماہ قبل بھی یمنی صوبے صعدہ کی فضائی حدود میں امریکی ڈرون طیارے کو مار گرانے کا دعویٰ کی تھا۔یاد رہے یمن کے حوثیوں نے غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کے رد عمل کے طور پر صہیونی فورسز کے خلاف اعلان جنگ کر رکھا ہے اور حوثی اب تک اسرائیل پر 6 بلیسٹک میزائل داغ چکے ہیں۔حوثی اپنے حملوں کو ہمیشہ فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا نام دیتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اگر اسرائیل غزہ پر حملے روک دے تو بین الاقوامی جہازوں سمیت امریکہ اور برطانیہ یا اسرائیل کے جہازوں کو نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔