اسسٹنٹ انجینئر امتحان کی منسوخی کا آج فیصلہ

   

حیدرآباد۔/14 مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کے چیرمین جناردھن ریڈی نے پرچہ افشاء کیس کے پس منظر میں کہا کہ امتحان کیلئے 30 لاکھ امیدواروں نے ون ٹائم رجسٹریشن کرایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ٹاون پلاننگ کے اسسٹنٹ انجینئر امتحان کے پرچہ افشاء ہونے کے پیش نظر اس امتحان کو منسوخ یا ملتوی کرنے پر چہارشنبہ کو قطعی فیصلہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کیس کے اہم ملزم راج شیکھر ریڈی نیٹ ورکنگ میں ماہر ہے اور اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن سے بھی بخوبی واقف ہے۔جناردھن ریڈی نے میڈیا کو بتایا کہ اس کیس کے ملزم پراوین نے بھی پبلک سرویس کمیشن کا امتحان لکھا تھا اور اس نے 103 نشانات حاصل کئے۔ اس کیس میں پولیس نے اب تک پبلک سرویس کمیشن سے تعلق رکھنے والے 5 افراد کو گرفتار کیا ہے جنہیں مستقل طور پر ملازمت سے برخواست کردیا جائے گا۔
جناردھن ریڈی نے کہا کہ پولیس کی جانب سے ضبط کئے گئے پن ڈرائیو اور دیگر الیکٹرانک اشیاء کا فارنسک آڈٹ کرایا جائے گا اور اس پر مزید کارروائی کی جائے گی۔ پبلک سرویس کمیشن کے چیرمین نے کہا کہ کمیشن کی جانب سے حتی الامکان یہ کوشش کی گئی یہ کہ پرچہ سوالات کو نقل نویسی اور دیگر دھاندلیوں سے محفوظ رکھا جائے لیکن ہیکنگ کے ذریعہ پرچہ افشاء ہونا سنگین معاملہ ہے۔ب