اسلامو فوبیا کیخلاف مسلمان ممالک انفرادی و اجتماعی آواز اٹھائیں: بلاول

   

ہلاہل : پاکستان کے وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری نے اسلامی تعاون تنظیم کے تمام رکن ممالک کی پائیدار ترقی کی خاطر حکمت عملی وضع کرنے کیلئے تنظیم کی ایک کمیٹی تشکیل دینے پر زور دیا ہے۔ ان کا کہنا ہیکہ مسلم دنیا کو معاشی چیلنجز کیساتھ سلامتی کے مسائل کا بھی سامنا ہے۔ ’او آئی سی‘ کے رْکن ممالک نے دہشت گردی کے خلاف موثر جنگ لڑی۔ انہوں نے اسلامو فوبیا کیخلاف مسلمان ممالک کی طرف سے انفرادی اور اجتماعی سطح پر آواز بلند کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل سے درخواست کی کہ اسلاموفوبیا کے خاتمہ کیلئے ایک منصوبہ بنائیں مقدس اسلامی مقامات کے تحفظ اور مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز پروپگنڈے اور تشدد کے خاتمہ کیلئے خصوصی ایلچی مقرر کیا جائے۔انہوں نے موریطانیہ میں او آئی سی کے وزرائے خارجہ کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم ممالک کو پائیدار ترقی کو فروغ دینا چاہیے، جدید علوم اور ڈیجیٹل صلاحیتوں کو حاصل کرنا چاہیے۔وزیرخارجہ نے کہا کہ زیادہ ترمسلمان ممالک کو اقتصادی بحران کا سامنا ہے انہیں اقتصادی آزادی حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے اور بین الاقوامی مالیاتی ضوابط اور اداروں میں اپنے حق کو منوانے کیلئے ترقی یافتہ ممالک اور بین الاقوامی شراکت داروں کے اشتراک سے ایک واضح حکمت عملی تیار کرنی چاہیے۔بلاول نے کہا ہیکہ او آئی سی کو دہشت گردی کے خلاف اور اس سے تحفظ کیلئے بنیادی ڈھانچہ کو مضبوط بنانا ہوگا۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان افغانستان سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کی جانے والی کوششوں کی حمایت کریگا۔ انہوں نے او آئی سی ممالک سے درخواست کی کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کیلئے تنظیم کے رکن ممالک کردار ادا کریں۔