اسلامی تعاون تنظیم کا عالمی فریقوں سےاسرائیلی جارحیت بند کرانے کا مطالبہ

   

جدہ : اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے عالمی فریقوں سے غزہ میں اسرائیلی جارحیت بند کرانے کا مطالبہ کر دیا۔ او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طحہٰ نے اس حوالے سے عالمی اداروں اور شخصیات کو خطوط لکھ دیئے۔ عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ او آئی سی نے فلسطینی عوام کے لیے عالمی تحفظ اور فوری امدادی مہم چلانے پر زور دیا ہے۔ خطوط بین الاقوامی فریقوں، اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل رکن ممالک کو لکھے گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اور یورپی یونین میں خارجہ پالیسی کے عہدیدار کو بھی خط لکھا گیا ہے۔ او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طحہٰ کی جانب سے ریڈ کراس کے سربراہ اور انسانی حقوق کے لیے یو این ہائی کمشنر کو بھی خطوط لکھے گئے ہیں۔