بی آر ایس نے 56 منٹ کا وقت ضائع کیا،64 ارکان کو وقفہ صفر میں اظہار خیال کی اجازت
حیدرآباد۔/18 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی کے 8 روزہ بجٹ اجلاس میں چیف منسٹر اور قائد ایوان ریونت ریڈی نے سب سے زیادہ وقت لینے کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ بجٹ سیشن کا کل اختتام عمل میں آیا۔ لیجسلیٹیو سکریٹریٹ سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق اجلاس آٹھ دن تک جاری رہا اور مجموعی طور پر 45گھنٹے 32 منٹ کارروائی چلائی گئی۔ چیف منسٹر اور وزراء نے 15 گھنٹے 56 منٹ کا وقت لیا جبکہ کانگریس ارکان نے 8 گھنٹے 43 منٹ تقاریر کیں۔ بی آر ایس ارکان نے8 گھنٹے 41 منٹ، بی جے پی 3 گھنٹے 48 منٹ، مجلس5 گھنٹے 29 منٹ اور سی پی آئی فلور لیڈر نے 2 گھنٹے 55 منٹ تقاریر کیں۔ انفرادی کارکردگی میں چیف منسٹر ریونت ریڈی سرفہرست رہے۔ انہوں نے 3 گھنٹے 10 منٹ کا مجموعی وقت لیا۔ قائد اپوزیشن کے سی آر بجٹ اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔ بی جے پی فلور لیڈر نے 42 منٹ تقریر کی۔ مجلس کے فلور لیڈر نے 4 گھنٹے 56 منٹ خطاب کیا۔ سی پی آئی کے رکن نے 2 گھنٹے 55 منٹ تقریر کی۔ ایوان میں وقت ضائع کرنے کے معاملہ میں بی آر ایس نے 56 منٹ خلل اندازی کی جبکہ دیگر کسی پارٹی نے ایوان میں کارروائی میں رکاوٹ پیدا نہیں کی۔ آٹھ روزہ اجلاس میں 59 ارکان نے تقاریر کیں۔ وقفہ صفر میں 64 ارکان نے مختلف مسائل پیش کئے۔ حکومت کی جانب سے دو قراردادیں منظور کی گئیں۔ 3 سرکاری بلز متعارف کئے گئے اور منظوری دی گئی۔ ایک مسئلہ پر مختصر مباحث ہوئے۔ کرشنا ریور مینجمنٹ بورڈ کو آبپاشی پراجکٹس حوالے نہ کرنے کی قرارداد کے علاوہ ریاست میں ایس سی، ایس ٹی اور بی سی طبقات کے لئے گھر گھر جامع سروے کی قرارداد منظور کی گئی۔ آبپاشی پراجکٹس پر وائیٹ پیپر پیش کرتے ہوئے مباحث کی اجازت دی گئی۔ حقہ پارلرس پر پابندی کے علاوہ تلنگانہ تصرف بل کو منظوری دی گئی۔ حکومت کی جانب سے دو مسائل پر پاور پوائنٹ پریزنٹیشن دیا گیا جن میں آبپاشی شعبہ اور کرشنا واٹر ریور مینجمنٹ بورڈ شامل ہیں۔1