تمام اہل افراد درخواستیں داخل کرتے ہوئے حکومت کی فلاحی اسکیمات سے استفادہ کریں
حیدرآباد ۔ 27 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : ملک پیٹ کانگریس پارٹی کے انچارج شیخ اکبر نے جمعرات سے شروع ہونے والے پرجا پالنا کے دوران 6 گیارنٹی سے استفادہ کرنے کی تمام اہل افراد سے اپیل کی ہے ۔ شیخ اکبر نے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی نے 6 گیارنٹی کا اعلان کیا تھا ۔ اقتدار حاصل ہوتے ہی چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ان ضمانتوں پر عمل آوری کے لیے 28 دسمبر سے درخواستیں وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کے ہر بلدی ڈیویژن میں چار مقامات پر عوام سے درخواستیں قبول کی جائیں گی ۔ شیخ اکبر نے کہا کہ ملک پیٹ اسمبلی حلقہ میں 6 ڈیویژنس ہیں ہر ایک ڈیویژن میں چار مقامات پر اس طرح 24 مقامات پر عوام سے درخواستیں وصول کئے جائیں گے ۔ عہدیداروں کی جانب سے اس کی مکمل تیاریاں کرلی گئی ہیں ۔ تمام محکمہ جات کے عہدیدار ایک ہی مقام پر عوام کو دستیاب رہیں گے ۔ پرجا پالنا پروگرامس کے دوران 28 دسمبر سے 6 جنوری 2024 تک مہا لکشمی ، گرہا جیوتی ، ریتو بھروسہ ، اندراماں مکانات ، چیوتا ، سے متعلق 5 اسکیمات کے لیے درخواستیں قبول کی جائیں گی ۔ کانگریس حکومت کی ان سہولتوں سے عوام بھر پور فائدہ اٹھائیں ۔ عوام کو مشکلات اور دشواریوں سے بچانے کے لیے حکومت عہدیداروں کو عوام کی دہلیز پر پہونچا رہی ہے ۔ شیخ اکبر نے کہا کہ سفید راشن کارڈس ہولڈرس کے علاوہ دوسرے لوگ بھی درخواستیں داخل کرنے کے اہل ہیں ۔ اس موقع پر کانگریس کے سینئیر قائدین اشفاق خان ، کشن سنگھ ، وینکٹ ریڈی ، راہول ، یونس کے علاوہ دوسروں نے شرکت کی ۔۔ 2