وقفہ صفر میں مسائل کے ساتھ سیاسی تقاریر
حیدرآباد ۔ 16 ۔ فروری(سیاست نیوز) اسپیکر قانون ساز اسمبلی جی پرساد کمار نے اسمبلی کے آخری 2 دن میں پہلی بار منتخب ہونے والے ارکان کو اظہار خیال کا موقع دیا۔ اسمبلی کے بجٹ سیشن میں وقفہ سوالات کو ملتوی کرتے ہوئے جمعرات اور جمعہ کو وقفہ صفر کے ساتھ کارروائی شروع کی گئی ۔ اسپیکر پرساد کمار نے کہا کہ 50 سے زائد ارکان پہلی مرتبہ اسمبلی کیلئے منتخب ہوئے ہیں اور انہیں اپنے حلقہ جات کے مسائل پیش کرنے کا موقع ملنا چاہئے ۔ اسپیکر نے تقریباً ڈھائی گھنٹے تک نئے ارکان کو اپنے حلقہ جات کے مسائل پیش کرنے کی اجازت دی۔ وقفہ صفر سے استفادہ کرتے ہوئے کانگریس اور بی آر ایس کے بعض ارکان نے سیاسی تقریر کرتے ہوئے مخالفین کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ وقفہ صفر کے طویل ہونے پر چیف منسٹر ریونت ریڈی ، وزیر امور مقننہ سریدھر بابو اور بی آر ایس رکن ہریش راؤ نے اسپیکر کی توجہ مبذول کرائی اور کہا کہ وقفہ صفر میں صرف ایک مسئلہ کو پیش کرنے کی اجازت دی جاسکتی ہے۔ اسپیکر نے اسمبلی قواعد میں نرمی دیتے ہوئے نئے ارکان کو ایک سے زائد مسائل پیش کرنے اجازت دی ۔ ایوان کی کارروائی کی خاص بات یہ رہی ہے کہ وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے زیادہ تر ارکان کا جواب دیا۔ حالانکہ وقفہ صفر میں جواب دینے کے بجائے وزراء مسائل کو نوٹ کرتے ہیں۔ 1