حیدرآباد۔/29 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر ملوروی نے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اسمبلی کا خصوصی اجلاس طلب کرنے پر چیف منسٹر ریونت ریڈی سے اظہار تشکر کیا۔ ناگرکرنول کے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر ملوروی نے کہا کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کے کارناموں کو عوام کے درمیان پیش کرنا ہر کسی کی ذمہ داری ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اسمبلی کا ایک روزہ خصوصی اجلاس طلب کرتے ہوئے غیر معمولی قدم اٹھایا ہے۔ علحدہ تلنگانہ تحریک کے دوران وزیر اعظم کی حیثیت سے ڈاکٹر منموہن سنگھ نے علحدہ ریاست کی تشکیل میں جو اہم رول ادا کیا تھا اسے خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اسمبلی میں قرارداد کی منظوری باعث خیرمقدم ہے۔ ملک میں معاشی اصلاحات کیلئے ڈاکٹر منموہن سنگھ کے کارناموں سے نئی نسل کو واقف کرانا میں اسمبلی اجلاس معاون ثابت ہوگا۔1