اسمتھ اور وارنر کی ٹی 20 ٹیم میں بھی واپسی

   

کینبرا۔8 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا اور پاکستان کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے آسٹریلیائی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے اور معلنہ ٹیم میں اسٹیو اسمتھ اور ڈیویڈ وارنر کی واپسی ہوئی ہے جوکہ آئندہ برس مجوزہ ورلڈ کپ کے منصوبے کے تحت ٹیم میں شامل کئے گئے ہیں۔ کرکٹ آسٹریلیا آئندہ برس اپنے ملک میں مقرر ٹوئنٹی20 ورلڈکپ کی تیاریوں کا آغاز سری لنکا اور پاکستان کے خلاف فی کس 3 ٹی 20 میچوں کی سیریز سے کررہا ہے، جس کے لیے ایرون فنچ کی قیادت میں 14 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔ تجربہ کار ڈیوڈ وارنر اور اسٹیو اسمتھ بال ٹیمپرنگ مقدمہ میں سزا ختم ہونے کے بعد اب پہلی مرتبہ ٹی 20 اسکواڈ کا حصہ بھی بننے ہیں۔ دیگر کھلاڑیوں میں ایلکس کیری، آسٹن ایگر ، پیٹ کمنز ، گلین میکسویل، بین میکڈرمٹ ، کین رچرڈسن ، بلی اسٹین لیک، مچل اسٹارک ، آسٹن ٹرنر، اینڈریو ٹائی اور ایڈم زمپا شامل ہیں۔ سیلیکٹر ٹریور ہونز کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2020 کو سامنے رکھتے ہوئے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ ان دونوں سیریز سے کھلاڑیوں کو بہت کچھ سیکھنے کے ساتھ خود کو پرکھنے کا بھی موقع ملے گا۔ دورہ پاکستان کے بعد سری لنکن ٹیم آسٹریلیا کے خلاف سیریز کھیلے گی جس کا آغاز 20 اکتوبر کو ہوگا، دوسرا میچ 28 اکتوبر کو مقرر ہے جبکہ تیسرا اور آخری میچ یکم نومبر کو طے ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ 3 نومبر کو سڈنی میں رکھا گیا ہے۔ دوسرا 5 نومبر کو کینبرا میں کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اور آخری میچ 8 نومبر کو پرتھ میں ہوگا۔