اسٹارک 450 وکٹیں لینے والے دوسرے آسٹریلیائی فاسٹ بولر

   

گیبیرہ، 20 اکتوبر (آئی اے این ایس) آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹسٹ میچ میں اپنے کرئیرکے450 وکٹیں مکمل کرکے ایک اہم سنگ میل عبور کرلیا۔ وہ ٹسٹ کرکٹ میں 450 وکٹیں لینے والے دوسرے آسٹریلیائی فاسٹ بولر اور مجموعی طور پر چوتھے آسٹریلیائی بولر بن گئے ہیں۔ اسٹارک نے سینٹ جارج پارک میں جنوبی افریقہ کی پہلی اننگزکے دوران بیٹر وین مولڈرکو آؤٹ کرکے یہ اعزاز حاصل کیا۔ ان کی گیند مولڈرکے دستانے کا کنارہ لیتی ہوئی وکٹ کیپر ایلکس کیری کے ہاتھوں میں چلی گئی۔ امپائر کی جانب سے ابتدائی طور پر ناٹ آؤٹ قرار دیے جانے کے بعد آسٹریلیا نے ریویو لیا، جس کے نتیجے میں مولڈرکو آؤٹ قرار دیا گیا۔آسٹریلیا کی جانب سے ٹسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ شین وارن کے نام ہے، جنہوں نے اپنے کیریئر میں 708 وکٹیں حاصل کیں۔ نیتھن لائن 573 وکٹوں کے ساتھ دوسرے، گلین میک گرا 563 وکٹوں کے ساتھ تیسرے، مچل اسٹارک 450 وکٹوں کے ساتھ چوتھے اور ڈینس للی 355 وکٹوں کے ساتھ پانچویں مقام پر ہیں۔ اسٹارک اس طرح گلین میک گراکے بعد 450 ٹسٹ وکٹیں حاصل کرنے والے دوسرے آسٹریلیائی فاسٹ بولر بن گئے ہیں۔اسٹارک نے109 ٹسٹ میچوں میں 450 وکٹیں مکمل کیں۔ اس سنگ میل تک پہنچنے کے لیے ان سے کم میچ کھیلنے والے بولروں میں مرلی دھرن شامل ہیں، جنہوں نے 80 میچوں میں، روی چندرن اشون نے 89، انیل کمبلے نے 93، گلین میک گرا نے 100 اور شین وارن نے 101 میچوں میں 450 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ جنوبی افریقہ کے خلاف جاری دوسرے ٹسٹ میں آسٹریلیا کے بولروں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اسکاٹ بولینڈ نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ اسٹارک نے بھی اہم وکٹ لے کر میزبان ٹیم کی مشکلات میں اضافہ کیا۔ دوسرے دن کھیل ختم ہونے تک جنوبی افریقہ نے 5 وکٹوں کے نقصان پر97 رنز بنائے تھے۔آسٹریلیا کو دو ٹسٹ میچوں کی سیریز میں پہلے ہی1-0 کی برتری حاصل ہے۔ ٹیم کی کوشش ہوگی کہ دوسرے ٹسٹ میں بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیریز اپنے نام کرے۔ تاہم، آسٹریلیا نے 1997 کے بعد سے گیبیرہ کے اس میدان پر کوئی ٹسٹ میچ نہیں جیتا ہے۔