اسٹاف نرس اور فارماسسٹ کے اضافی عہدوں پر تقررات

   

فارماسسٹ کی 99 اور اسٹاف نرس کی 272 جائیدادوں میں اضافہ، مجموعی طور پر 6500 جائیدادوں پر تقررات
حیدرآباد ۔12۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ محکمہ صحت نے نرسنگ آفیسر (اسٹاف نرس) اور فارماسسٹ کے عہدوں پر مزید تقررات کا فیصلہ کیا گیا۔ میڈیکل اینڈ ہیلت سرویسز رکروٹمنٹ بورڈ نے اسٹاف نرس کی 2050 جائیدادوں کیلئے 18 ستمبر کو اعلامیہ جاری کیا تھا۔ اعلامیہ میں ترمیم کرتے ہوئے رکروٹمنٹ بورڈ نے مزید 272 جائیدادوں کا اضافہ کیا ہے اور مجموعی طور پر 2322 اسٹاف نرس کی جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے ۔ اسی طرح فارماسسٹ کی 633 جائیدادوں پر تقررات کیلئے 24 ستمبر کو نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا ۔ نوٹیفکیشن میں ترمیم کرتے ہوئے مزید 99 جائیدادوں کو شامل کیا گیا ہے۔ اس طرح فارماسسٹ کی جملہ 732 جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے۔ رکروٹمنٹ بورڈ نے اضافی نشستوں کے لئے زون کی اساس پر مختلف طبقات میں نشستوں کی تقسیم کی تفصیلات جاری کی ہیں۔ اسٹاف نرس کی 272 جائیدادوں میں جملہ 7 زونس کے تحت بی سی ای زمرہ کیلئے 10 جائیدادیں مختص کی گئیں۔ فارماسسٹ گریڈ II کی اضافی 99 جائیدادوں میں بی سی ای زمرہ کیلئے 3 جائیدادیں مختص کی گئی ہیں۔ وزیر صحت دامودر راج نرسمہا کے مطابق ریاست میں کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد جملہ 7300 جائیدادوں پر تقررات کئے گئے ۔ اب مزید 6500 جائیدادوں پر تقررات کا عمل شروع کیا گیا ہے۔ حکومت نے فارماسسٹ گریڈ II اور اسٹاف نرس کی جائیدادوں میں اضافہ کو منظوری دی ہے۔ وزیر صحت کے مطابق نرسنگ اسٹاف کی جملہ 2322 جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اسٹاف نرس کی جائیدادوں پر تقررات کیلئے درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ 14 اکتوبر شام 5 بجے تک ہے۔ 23 نومبر کو آن لائین کمپیوٹر پر مبنی امتحانات منعقد کئے جائیں گے ۔ فارماسسٹ کی 633 جائیدادوں میں مزید 99 جائیدادوں کا اضافہ کرتے ہوئے جملہ 732 جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے۔ درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 21 اکتوبر شام 5 بجے تک مقرر کی گئی ہے جبکہ آن لائین امتحان 30 نومبر کو ہوگا۔ تقررات کے سلسلہ میں تفصیلات کا ویب سائیٹ https://mhsrb.telangana.gov.in پر مشاہدہ کیا جاسکتا ہے۔ 1