چینائی : تمل ناڈو کے وزیراعلی ایم کے اسٹالن نے منگل کو کہا کہ ان کا متحدہ عرب امارات (یواے ای) کا چار روزہ دورہ پوری طرح کامیاب رہا ہے اور اس دوران چھ بڑی کمپنیوں کے ساتھ معاہدے پر دستخط کئے گئے ،جس سے ریاست کو کُل چھ ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری حاصل ہوگی۔ اسٹالن کی ملک واپسی پر آج ہوائی اڈے پر کابینہ وزرا ،ریاستی پولیس ڈائریکٹر جنرل اور چنئی پولیس کمشنر نے ان کا خیر مقدم کیا۔اس دوران انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ان معاہدوں سے ریاست میں 14700 لوگوں کو روزگار ملے گا۔وزیراعلی نے کہا،لولو گروپ کے ساتھ تین پروجیکٹوں کیلئے 3500 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کے سلسلے میں ایک معاہدہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ،نوبل اسٹیل (1000 کروڑ روپے )،ایسٹر ڈی ایم ہیلتھ کیئر ،شراف گروپ اور وائٹ ہاؤس ٹیکس ٹائل (ہر ایک 500 کروڑ روپے ) اور ترانس ورلڈ کے ساتھ (100 کروڑ روپے ) کے معاہدے پر دستخط کئے گئے ہیں۔دبئی اور ابو ظہبی کے اپنے سفر کے دوران وزیراعلی نے سرمایہ کاروں کو ریاست میں متوجہ کرنے کے لئے ان سبھی علاقوں کا ذکر کیا،جو یو اے ای کی کمپنیوں کو لامحدود امکانات کی پیش کش کررہے ہیں۔انہوں نے وزرا،سینئر افسروں اور صنعت کاروں کے ساتھ ملاقات کی اور وہ چھوٹی بندرگاہوں کو ترقی دینے اور فوڈ پروسیسنگ اور صنعتی پارکوں کے قیام کے لئے توانائی کی اکائیوں میں سرمایہ کے لئے آگئے آئے ۔ اسٹالن نے کہا،‘‘چھ اہم کمپنیوں کے ساتھ قرار ہوئے ہیں۔ آنے والے مہینوں میں اور بھی کئی معاہدوں پر دستخط ہوں گے ۔