حیدرآباد ۔ 12 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد شہر کی ممتاز و معروف اور تاریخی اسٹیٹ سنٹرل لائبریری جس کو کئی برسوں سے نظر انداز کردیا گیا تھا اب اس کی تزئین نو اور آہک پاشی کے ذریعہ عمارت کی اصل حالت کو عنقریب بحالی عمل میں آئے گی ۔ اس سلسلہ میں حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ( ایچ ایم ڈی اے ) نے اسٹیٹ سنٹرل لائبریری کو اصلی حالت میں لانے اور یہاں موجود اشیاء کو محفوظ کرنے کی منصوبہ بندی کررہا ہے جس کے لیے 7.35 کروڑ تخمینہ لاگت مقرر کیا گیا ہے اور منصوبہ کے مطابق جون سال 2024 تک کام مکمل کرنے کا نشانہ مقرر کیا ہے ۔ یاد رہے کہ 1891 میں جناب سید حسین بلگرامی نے شخصی لائبریری کا قیام عمل میں لایا تھا اور اسی سال لائبریری عمل کی تعمیر عمل میں لائی گئی تھی ۔ عمارت کی تعمیر آرکیٹکٹ عزیز علی کی نگرانی میں مکمل کی گئی تھی ۔