اسپورٹس سکریٹری سجاتا کی موجودگی میں پی ای ایف آئی کانفرنس ختم

   

نئی دہلی: نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کی وزارت حکومت ہند کی اسپورٹس سکریٹری سجاتا چترویدی کی موجودگی میں چھٹی قومی فزیکل ایجوکیشن اور اسپورٹس سائنس کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی۔ فزیکل ایجوکیشن فاؤنڈیشن آف انڈیا نے حکومت ہند کے کھیل اورنوجوانوں کے امور کی وزارت کے تعاون سے 11 اور 12 مارچ کو نئی دہلی کے پارلیمنٹ اسٹریٹ پر واقع این ڈی ایم سی کے کنونشن سنٹر میں دو روزہ اس کانفرنس کا اہتمام کیا۔ پروگرام کے اختتامی سیشن کی مہمان خصوصی سجاتا چکرورتی نے یہاں موجود فزیکل اور کھیلوں کی تعلیم سے وابستہ لوگوں کی اہمیت کی طرف توجہ مبذول کرائی۔ انہوں نے کہاکہ آپ لوگ بہت اہمیت کے حامل ہیں۔ جب تک فزیکل ایجوکیشن کے شعبے میں کام نہیں ہوگا، تب تک سماج میں فٹنس کے بارے میں شعور نہیں آئے گا۔ انہوں مزید کہا کہ 2019 کی پچھلی کانفرنس میں آپ لوگوں نے اینٹی ڈوپنگ کے تعلق سے خوب پبلسٹی کی تھی۔ امید ہے آپ لوگ مستقبل میں بھی اچھے کاموں کو جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر پیفی کے قومی سکریٹری اور اس کانفرنس کے آرگنائزنگ سکریٹری ڈاکٹر پیوش جین نے سجاتا چترویدی سے اپیل کی کہ فزیکل ایجوکیشن پر توجہ دینے کا وقت آگیا ہے ۔ ڈاکٹر جین نے کہا کہ یہ اسی وقت ممکن ہو سکتا ہے جب قومی تعلیمی پالسی میں فزیکل ایجوکیشن کو باعزت مقام دیا جائے ۔ دوسرے دن کی خاص بات ہندوستانی کھیلوں اور فزیکل ایجوکیشن کے مستقبل پر ایک کھلا مباحثہ تھا، جس کا انعقاد معروف سینئر اسپورٹس صحافی راجندر سجوان نے کیا۔ اس میں اولمپک میڈلسٹ یوگیشور دت، دروناچاریہ راج سنگھ، یوگیش مالویہ، تپن پانی گراہی، ارجن ایوارڈ یافتہ یشپال سولنکی اور دیگر شخصیات نے حصہ لیا۔
2012 کے لندن اولمپکس میں کانسے کا تمغہ جیتنے والے پہلوان یوگیشور دت نے کہا، کھیل اور تعلیم کو ایک ساتھ چلنے کی ضرورت ہے ۔ میرے والدین استاد ہیں لیکن دونوں نے کبھی بھی مجھے ریسلنگ سے نہیں روکا۔ یہی وجہ ہے کہ مجھے ‘‘کھیلو گے کودوگے ہوگے خراب’’ والی کہاوت کبھی پسند نہیں تھی۔ اولمپک، ایشیاڈ، ورلڈ چمپئن شپ اور کامن ویلتھ گیمز میں ملک کیلئے تمغے جیتنے والے یوگیشور نے کانفرنس میں شرکت کیلئے آئے ہوئے اساتذہ اور کھیلوں کی شخصیات سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ”وہ کچھ ایسا کریں تاکہ جسمانی تعلیم اور کھیل ایک ساتھ آگے بڑھیں۔ حالانکہ، جب تک ملک کا فزیکل ٹیچر وسائل سے بھرپور اور مطمئن نہیں ہوگا، تب تک ہم صحت مند اور مضبوط دل ودماغ والے نوجوان تیار نہیں کر سکتے ۔