اسپین کی ورلڈ کپ فتح کا جشن تقریباً 20 لاکھ شائقین نے منایا

   

میڈرڈ، 21 جولائی (آئی اے این ایس) اسپین کی فٹ بال ٹیم کی جانب سے دوسری مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے کی خوشی میں تقریباً 20 لاکھ شائقین نے دارالحکومت میڈرڈ میں جشن منایا۔ ٹیم نے کھلی چھت والی بس میں شہرکے مرکزی علاقوں سے گزرتے ہوئے فتح کا جشن منایا، جس کے بعد شہر کے معروف پلازا دے سیبیلیس میں شائقین کا ایک بڑا اجتماع ہوا۔ اسپین نے نیوجرسی میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے فائنل میں ارجنٹینا کو اضافی وقت کے بعد 1-0 گول سے شکست دی تھی۔ اسپین کی جانب سے فیران ٹوریس نے فیصلہ کن گول اسکورکیا، جس کی بدولت اسپین نے شاندار کارکردگی کے ساتھ عالمی اعزاز اپنے نام کیا۔ ٹیم مقامی وقت کے مطابق دوپہر تقریباً ایک بجے میڈرڈ پہنچی، جہاں اس کے اعزاز میں بادشاہ فلیپ ششم اور وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے سرکاری استقبالیہ دیا۔ دونوں رہنما ورلڈکپ کا فائنل دیکھنے کے لیے نیویارک نیوجرسی اسٹیڈیم میں موجود تھے۔ بادشاہ نے ٹیم کے اتحاد اور یکجہتی کو سراہا۔ اس کے بعد کھلاڑی وزیراعظم کی سرکاری رہائش گاہ مونکلوا پیلس سے کھلی چھت والی بس میں سوار ہوئے اور میڈرڈ کے مرکزی علاقوں سے گزرتے ہوئے جشن میں شریک ہوئے۔ اندازے کے مطابق تقریباً 18 لاکھ شائقین سڑکوں کے دونوں جانب ٹیم کے استقبال کے لیے موجود تھے۔بس رات 10 بجے پلازا دے سیبیلیس پہنچی، جہاں مزید تقریباً ایک لاکھ 20 ہزار شائقین کئی گھنٹوں سے ٹیم کا انتظار کر رہے تھے۔ اس دوران اسپین کے کئی معروف پاپ گلوکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کرکے شائقین کو محظوظ کیا۔ہر کوئی ٹیم کی کامیابی پر خوش نظر آیا۔