حیدرآباد۔/26جون، ( سیاست نیوز) سٹی پولیس کی اینٹی ۔ نارکوٹکس یونٹ، حیدرآباد نارکوٹکس انفورسمنٹ ونگ (HNEW) کی جانب سے شہر میں جلد ہی ہر تعلیمی ادارہ میں اینٹی ۔ ڈرگ کمیٹیاں قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔ یہ کمیٹیاں تعلیمی اداروں کے احاطوں اور ہاسٹلس میں منشیات کے استعمال اور اس کی سپلائی کے تدارک میں اہم رول ادا کریں گی اور نگرانی رکھیں گی۔ سٹی پولیس کمشنر سی وی آنند نے کہا کہ ایچ این ای ڈبلیو کی ٹیمیں اور مقامی پولیس پابندی سے اینٹی۔ ڈرگ کمیٹیوں سے رابطہ میں رہیں گی۔ یہ کمیٹیاں منشیات کے استعمال کے مضر اثرات کے بارے میں بیداری بھی پیدا کریں گی۔ سٹی پولیس کی جانب سے ڈرگس کے مضر اثرات کے بارے میں سوشیل میڈیا کے ذریعہ اور تعلیمی اداروں ، بس اسٹاپس، میٹرو ریل اور ریلوے اسٹیشنس پہنچ کر بھی بیداری پیدا کی جائے گی۔