اضافی فوج لانے اور لوگوں کو اسلحہ دینے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا:محبوبہ مفتی

   

سری نگر: پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا دعویٰ ہے کہ بی جے پی جموں و کشمیر کی صورتحال کو کنٹرول کرنے میں نا کام ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر یہاں حالات ٹھیک ہیں تو پھر مزید فوج کیوں بلائی جا رہی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ یہاں اضافی فوج لانے اور لوگوں کو اسلحہ دینے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو جنوبی ضلع اننت ناگ میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘جموں وکشمیر تو پہلے ہی ایک فوجی چھاؤنی بنی ہوئی ہے یہاں فوج کی کوئی کمی نہیں ہے ’۔ان کا کہنا تھا: ‘فوج نے گذشتہ تیس برسوں کے دوران اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے جموں و کشمیر میں جمہوری نظام کو بحال کیا جس کے نتیجے میں یہاں پھر پارلیمانی انتخابات منعقد ہوئے اور اسمبلی اور پنچایتی انتخابات کا انعقاد بھی ہوا’۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ بڑے فوجی عہدیداروں کا ماننا ہے کہ جموں وکشمیر ایک سیاسی مسئلہ ہے اور اس کا کوئی فوجی حل نہیں ہے ۔