اضلاع میں کورونا کے پھیلاو پر کنٹرول کرنے حکومت کی توجہ

   

ٹاونس و دیہی علاقوں میں وائرس کے پھیلاو پر تشویش ۔ گریٹر حیدرآباد حدود میں کیسوں میں کمی

حیدرآباد۔ حکومت تلنگانہ نے اب کورونا وائرس سے نمٹنے اضلاع پر توجہ مرکوز کرنی شروع کردی ہے کیونکہ اب یہ وائرس ٹاونس اور دیہی علاقوں تک بھی پھیل رہا ہے ۔ محکمہ صحت کے عہدیدار جو اب تک گریٹر حیدرآباد کے حدود پر توجہ مرکوز کئے ہوئے تھے وہ اب اضلاع میں بھی ٹسٹنگ میں اضافہ کرنے اور علاج کیلئے انفرا اسٹرکچر فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔ خاص طور پر نظام آباد ‘ کریمنگر ‘ ورنگل ‘ نلگنڈہ اور کھمم جیسے شہروں میں کورونا کے کیسوں میں اضافہ ہوتاجا رہا ہے اور محکمہ صحت کی جانب سے وائرس کے پھیلاو پر قابو پانے کی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے ۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ شہر حیدرآباد میں پہلے ہی سے علاج کیلئے بہترین انفرا اسٹرکچر موجود ہے اس لئے اب وہ ریاست کے دوسرے حصوں پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔ عہدیداروں نے واضح کیا کہ اب گریٹر حیدرآباد کے حدود سے زیادہ اضلاع میں متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ اپریل اور مئی کے مہینوں میں ریاست کے 33 کے منجملہ 10 تا 15 اضلاع ایسے تھے جہاں بہت معمولی تعداد میں کیس رپورٹ ہو رہے تھے یا بالکل نہیں ہو رہے تھے ۔ ماہ جون کے دوران 80 تا 90 فیصد کیسیس گریٹر حیدرآباد حدود سے رپورٹ ہو رہے تھے ۔ تاہم اب تقریبا تمام اضلاع سے کورونا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے جبکہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں اس وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد میں 50 فیصد تک کمی آئی ہے ۔