اظہرالدین ‘ معین علی اور میکس ویل پر نظریں

   

چینائی : بین الاقوامی سطح پر غیر معروف کیرالا کے ابھرتے کھلاڑی محمد اظہر الدین ، سچن تنڈولکر کے بیٹے ارجن تنڈولکر اور ٹاملناڈو کے طاقتور کھلاڑی شاہ رخ خان کل یہاں آئی پی ایل 2021کیلئے کھلاڑیوں کی ہونے والی نیلامی میں توجہ کا مرکز ہوں گے جب کہ بین الاقوامی سطح پر معروف کھلاڑیوں میں آسٹریلیا کے جارحانہ آل راؤنڈر گلین میکس ویل اور انگلینڈ کے بولنگ آل راؤنڈر معین علی بھی اہم ناموں میں شامل ہیں ۔ کل یہاں ہونے والی نیلامی میں 292 کھلاڑیوں کی قسمت کا فیصلہ ہوگا جس میں ہندوستان سے 164 کھلاڑی موجود ہیں جب کہ بین الاقوامی کھلاڑیوں کی تعداد 125 اور اسوسی ایٹ کھلاڑیوں کی تعداد 3 ہے ۔ 8ٹیموں میں 61 مخلوعہ جائیدادیں ہیں جن پر کھلاڑیوں کا انتخاب عمل میں آئے گا ۔رائل چیلنجر بنگلور کے پاس سب سے زیادہ 11کھلاڑیوں کی جگہ ہے جس پر وہ 35.4 کروڑ روپئے خرچ کرے گی جب کہ سن رائیزرس حیدرآباد کو صرف تین کھلاڑی حاصل کرنے کا موقع رہے گا جس پر وہ 10.75کروڑ روپئے خرچ کرے گا ۔ پنجاب کنگس کے پاس 53.20 کروڑ روپئے دستیاب ہے جو 9 کھلاڑیوں کے حصول کیلئے وہ خرچ کرے گی ۔ میکس ویل نے پنجاب کیلئے 82مقابلوں میں نمائندگی کی ہے اور 1505 رنز بنائے ہے لیکن اس دوران ان کا اوسط صرف 22رہا ۔ انگلینڈ کے ڈیوڈ میلان جو کہ آئی سی سی کی درجہ بندی میں پہلے مقام پر فائز ہے ان کے حصول کیلئے ٹیموں کے درمیان جدوجہد رہے گی ۔ 19 بین الاقوامی ٹی 20مقابلوں میں انہوں نے 150 کی اسٹرائیک ریٹ سے رنز بنائے ہیں جن کے حصول کیلئے ٹیموں کو 1.5کروڑ روپئے بنیادی رقم کی بولی لگانی پڑے گی ۔ نیلامی میں چینائی سوپر کنگس کی جانب سے کھلاڑیوں کا حصول توجہ کا مرکز ہوگا کیونکہ گذشتہ سیزن میں اس نے انتہائی مایوس کن مظاہرہ کیا اور اس کے بیشتر کھلاڑی بڑھتی عمر کی وجہ سے بہتر مظاہرہ نہیں کرپارہے ہیں ۔ دھونی کی قیادت میں ٹیم کن کھلاڑیوں کا انتخاب کرتی ہے یہ اہمیت کا حامل عمل ہوگا ۔ اس کے پاس تقریباً 20کروڑ روپئے موجود ہیں اور وہ چھ کھلاڑیوں کو حاصل کرسکتے ہیں ۔ میلان کے متعلق امید کی جارہی ہے کہ پنجاب کی ٹیم انہیں حاصل کرنے کی پوری کوشش کرے گی کیونکہ پنجاب کے پاس ٹاپ آرڈر میں تیزی سے رنز بنانے والا کھلاڑی نہیں ہے ۔ سن رائیزرس حیدرآباد اور راجستھان رائلز فاسٹ بولر اومیش یادو کو حاصل کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں لیکن حیدرآباد کے پاس دو کھلاڑیوں کے حصول کا موقع دستیاب رہے گا اور ایسے ہی حالت سینئر آف اسپنر ہربھجن سنگھ اور کیدار جئے دیو کے ساتھ بھی ہے ۔ ممبئی انڈین کو 7 اور دہلی کیپٹیلس کو 8کھلاڑیوں کی ضرورت ہے اور ان کے پاس بالترتیب 15.35 اور 13.40 کروڑ روپئے دستیاب ہیں ۔