افریقی کھلاڑی ملک کو آئی پی ایل پر ترجیح دیں:ایلگر

   

جوہانسبرگ۔ جنوبی افریقہ کے ٹسٹ کپتان ڈین ایلگر نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ وہ آئندہ آئی پی ایل کے بجائے بنگلہ دیش کے خلاف ملک کے لیے کھیلیں کیونکہ یہ ان کی وفاداری کا امتحان ہے اور انہیں ملک کو ترجیح دینی چاہیے۔ جنوبی افریقہ کو بنگلہ دیش کے خلاف 18 مارچ سے تین ونڈے اور دو ٹسٹ کھیلنا ہے جبکہ آئی پی ایل 26 مارچ سے 29 مئی تک کھیلا جائے گا۔ ونڈے میچز 18، 20 اور 23 مارچ کو ہوں گے۔ اس کے بعد 31 مارچ سے دو ٹسٹ میچوں کی سیریز شروع ہوگی جو 12 اپریل تک چلے گی۔ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق کرکٹ جنوبی افریقہ نے کھلاڑیوں پر چھوڑ دیا ہے کہ وہ آئی پی ایل کا انتخاب کریں یا بنگلہ دیش کے خلاف کھیلیں۔ایلگر نے کہا کھلاڑیوں کو کرکٹ جنوبی افریقہ کو بتانا چاہیے کہ وہ آئی پی ایل کھیلنا چاہتے ہیں یا ملک کے لیے اپنی خدمات دستیاب رکھتے ہیں۔ یہ کھلاڑیوں کی وفاداری کا امتحان ہے۔ انہیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ وہ صرف ٹسٹ یا ونڈے کرکٹ کھیل کر آئی پی ایل تک پہنچے ہیں۔ایلگر نے کہا میں کھلاڑیوں کو ٹیم میں ان کے مقام کے بارے میں بتاؤں گا اور ہر کھلاڑی سے بات کروں گا۔ میں ان سے کہوں گا کہ وہ یہ نہ بھولیں کہ وہ کہاں آئے ہیں اور ہم ایک ٹیم کے طور پرکہاں آئے ہیں۔