کابل:افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی نے شام کی عبوری حکومت کے وزیر خارجہ اسد حسن الشیبانی سے فون پر بات کی اور کابل اور دمشق کے درمیان سفارتی تعلقات کی توسیع پر تبادلہ خیال کیا۔ وزارت کے نائب ترجمان حافظ ضیاء احمد توکل نے ہفتے کے روز ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر متقی نے شام کی نئی حکومت کو برسراقتدار آنے پر مبارکباد دی اور دونوں ممالک کے درمیان باقاعدہ سفارتی تعلقات کی توسیع پر تبادلہ خیال کیا۔افغان خبر رساں ایجنسی آریانا نیوز نے وزارت کے بیان کے حوالے سے بتایا کہ شامی وزیر خارجہ نے مشاورت کے لیے شامی اور افغان وفود کی ملاقات کی بھی امید ظاہر کی۔ دونوں وزراء نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ باہمی تعلقات کو مستحکم کرنے اور وسیع کرنے کے خواہاں ہیں ۔شامی مسلح اپوزیشن نے 8 دسمبر کو دمشق پر قبضہ کر لیا۔ روسی حکام نے بتایا کہ شام کے صدر بشار اسد نے شامی تنازعے کے شرکاء سے بات چیت کے بعد استعفیٰ دے دیا اور شام سے روس چلے گئے جہاں انہیں سیاسی پناہ دی گئی۔