افغانستان اور عراق سے مزید امریکی فوج کی طلبی کا اعلان

   

واشنگٹن : امریکہ عراق اور افعانستان اپنی فوجیوں کی تعداد کو 20 سال کی کم ترین سطح پر لے جا رہا ہے۔یہ اعلان منگل کو پنٹاگان کی طرف سے صدر ٹرمپ کے اس وعدے کے بعد کیا گیا ہے جس میں انہوں نے بیرونی تنازعات کو ختم کرنے کا اظہار کیا تھا۔قائم مقام سیکریٹری دفاع کرس مِلر نے کہا ہے کہ 15 جنوری تک افغانستان سے تقریباً 2,000 فوجی نکالے جائیں گے جبکہ پانچ سو سے زائد عراق سے واپس بلائے جائیں گے۔ اس کے بعد دونوں ممالک میں امریکی فوجیوں کی تعداد 2500 رہ جائے گی۔ ’ان دونوں اقدامات سے ٹرمپ کی اس پالیسی کا اظہار ہوتا ہے جو عراق اور افغانستان میں جنگوں کو کامیاب اور ذمہ دار انجام تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ ہمارے بہادر فوجیوں کو بھی گھر لانا ہے۔‘ملر کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ نے اپنے وہ مقاصد حاصل کر لیے ہیں جن کا آغاز 2001 میں القاعدہ کے حملوں کے بعد کیا گیا تھا جو انتہاپسندوں کو شکست دینے اور اپنے اتحادیوں کی جنگ میں مدد کے لیے تھے۔ ’آنے والے سال میں ہم اس طویل جنگ کو ختم کر دیں گے اور اپنے فوجیوں کو گھر لائیں گے۔‘انہوں نے مزید کہا ’ہم اپنے بچوں کو ایک بھاری بوجھ اور مستقل جنگ سے بچائیں گے ہماری افواج کی طرف سے عراق اور افغانستان کے استحکام کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔‘یہ اعلان صدر ٹرمپ کی طرف سے سیکرٹری دفاع مارک ایسپر کو برطرف کیے جانے کے 10 روز بعد سامنے آیا ہے، جنہوں اس بات پر زور دیا تھا کہ افغانستان میں 4500 فوجی رکھنے کی ضرورت ہے جو طالبان کے ساتھ مذاکرات کرنے والی کابل حکومت کی مدد بھی کرے۔ 29 فروری کو طالبان اور امریکہ کے درمیان امن معاہدہ ہونے کے بعد اس سال 13 ہزار فوجیوں میں تقریباً دو تہائی پہلے ہی کم کیے جا چکے ہیں۔