افغانستان فٹبال فیڈریشن کے سابق صدر پر تاحیات پابندی

   

لندن ۔10 جون (سیاست ڈاٹ کام ) افغانستان فٹبال فیڈریشن کے سابق صدر کو اپنی ٹیم کی خاتون کھلاڑیوں کے ساتھ جنسی ہراساں کرنے پر تاحیات پابندی عائد کردی گئی۔ رپورٹ کے مطابق عالمی فٹبال کی گورننگ باڈی فیفا کی جانب سے کی گئی تحقیقات کے بعد کرام الدین کریم پر تقریباً 10 لاکھ ڈالر جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔فیفا کی آزاد اخلاقی کمیٹی نے کہا کرام الدین کریم بطور اے ایف ایف صدر، اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کے جرم میں قصوروار قرار پائے گئے ہیں۔ دوسری افغانستان کی وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی نے کہا کہ ہمیں کرام الدین کریمی کے وارنٹ گرفتاری موصول ہوئے ہیں اور ہم اس پر کارروائی کرتے ہوئے انہیں جلد از جلد گرفتار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی یہ بات واضح نہیں کہ وہ ملک میں موجود ہیں یا نہیں تاہم امکان ہے کہ وہ ملک میں موجود نہیں۔ان کے خلاف دائر کی گئیں شکایات میں ان پر 2013 تا 2018 جنسی ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا گیا ۔خیال رہے کہ فیفا نے کہا کہ تقریباً 5 افغان کھلاڑیوں کی جانب سے ان کے خلاف شکایات درج کروائی گئی تھی۔ افغان ویمنز ٹیم کی کھلاڑیوں کی جانب سے لگائے گئے الزامات کے بعد دسمبر 2018 میں فیفا نے انہیں عبوری طور پر معطل کردیا تھا۔ فیفا کی آزاد اخلاقی کمیٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ مقدمے میں تحقیقات میں تعطل پرکریم الدین پر عبوری پابندی میں توسیع کی جا سکتی ہے، لہٰذا ان کی فٹبال میں تمام قومی اور بین الاقوامی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔