کابل: کابل بمقابلہ قندھار گروپ، افغانستان میں طالبان کی قیادت میں اختلافات بڑھنے لگے ۔برطانوی میڈیا کا کہنا ہے حالیہ دنوں میں ایسے اشارے ملے ہیں کہ افغان طالبان کے اندر سب اچھا نہیں ہے ، نائب وزیر خارجہ شیر محمد عباس ستانکزئی کو خواتین کی تعلیم پر پابندی کے خلاف بیان کے بعد ملک چھوڑنا پڑا، ستانکزئی نے متحدہ عرب امارات میں اپنی موجودگی کی تصدیق کی ہے ۔رپورٹ کے مطابق وزیرداخلہ سراج حقانی جنوری میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے دورے کے بعد کابل نہیں لوٹے ، سراج الدین حقانی نے ایک بیان میں کہا تھا اپنی رائے اور فکر کو عوام پر مسلط نہیں کرنا چاہیے ، سارے نظام کو چیلنج کرنا، ہدف اور یرغمال بنانا درست نہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نائب وزیراعظم ملاعبدالغنی برادر بھی کئی ہفتوں سے افغانستان سے باہر ہیں، وزیر برائے پناہ گزین خلیل حقانی خودکش حملے میں جان کھو بیٹھے ہیں، حقانی گروپ ان کی موت کا الزام مخالف طالبان پر لگاتے ہیں۔برطانوی میڈیا کا کہنا ہے سراج الدین حقانی کے لوگ کابل سے نکل چکے ہیں۔