ایڈیشنل کلکٹرس کو ہر 15 دن میں شب بسری کی ہدایت، خاتون عہدیدار گرلز اسکولوں پر نظر رکھیں گے
حیدرآباد۔یکم؍ جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے اقامتی اسکولوں، ہاسٹلس، کستوربا گاندھی ودیالیاز اور سرکاری اسکولوں میں معیار تعلیم اور انفرااسٹرکچر کی سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے اہم فیصلہ کیا ہے۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے جی او ایم ایس 1 جاری کیا جو سال نو کا پہلا سرکاری جی او ہے۔ اس جی او کے تحت اضلاع میں ایڈیشنل کلکٹرس ( لوکل باڈیز ) کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ اقامتی اسکولوں، سرکاری اسکولوں اور ہاسٹلس کی کارکردگی بہتر بنانے کے اقدامات کریں۔ حکومت نے ایڈیشنل کلکٹرس لوکل باڈیز کو 11 مختلف ذمہ داریاں تفویض کی ہیں جن میں اسکولوں، ہاسٹلس، کی اپنے اپنے اضلاع میں نگرانی، انفرااسٹرکچر سہولتوں کا جائزہ، تعلیمی معیار میں اضافہ کے اقدامات، کامن ڈائیٹ اسکیم پر عمل آوری، ہر 15 دن میں ایک مرتبہ شب بسری، وقتاً فوقتاً اچانک دورہ اور دیگر محکمہ جات سے اشتراک جیسی ذمہ داریاں شامل ہیں۔ ایڈیشنل کلکٹرس لوکل باڈیز کو 15 دن میں ایک مرتبہ ہاسٹل یا اقامتی اسکول میں شب بسری کرنی ہوگی۔ اس کے علاوہ الاٹ کردہ فنڈز کے مناسب استعمال پر نظر رکھی جائے گی۔ ایڈیشنل کلکٹرس کو ماہانہ پروگریس رپورٹ ضلع کلکٹرس کو روانہ کرنا ہوگا اور ضلع کلکٹرس ہر ماہ اپنے اضلاع میں اقامتی اسکولوں اور ہاسٹلس کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔ حکومت نے لڑکیوں کے اقامتی اسکولس کی بہتر کارکردگی کیلئے خاتون آل انڈیا سرویس عہدیداروں کو ذمہ داریاں دی ہیں۔ آل انڈیا سرویس کی خاتون عہدیدار وقفہ وقفہ سے گرلز اقامتی اسکولوں کا دورہ کریں گے اور شب بسری کے ذریعہ طلبہ اور اسٹاف سے راست مشاورت کرتے ہوئے ادارہ میں انفرااسٹرکچر سہولتوں کا جائزہ لیں گے۔ خاتون آل انڈیا سرویس عہدیدار گرلز اسکولوں کے بارے میں محکمہ تعلیم کو رپورٹ پیش کریں گے۔ ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتی اقامتی اسکولوں کی رپورٹ متعلقہ محکمہ جات کو پیش کی جائے گی۔ خاتون عہدیداروں کو ہر ماہ اسکول کا دورہ اور وہاں ایک مرتبہ شب بسری کرنی ہوگی۔1