اقدام خودسوزی کرنے والی خاتون کی موت

   

حیدرآباد۔/3 اپریل، ( سیاست نیوز) لڑکیوں کی پیدائش پر شوہر کی ناراضگی اور ہراسانی کا شکار ایک خاتون نے خود سوزی کرلی۔ ایل بی نگر پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں 24 سالہ خاتون ناگرانی نے گزشتہ دنوں خود سوزی کرلی ۔ جس کو علاج کیلئے ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا۔ خاتون علاج کے دوران کل رات فوت ہوگئی۔ ایل بی نگر پولیس کے مطابق ناگرانی فتولہ گوڑہ علاقہ کے ساکن روی کی بیوی تھی اس خاتون کی شادی 8 سال قبل ہوئی تھی اور اس کو دو لڑکیاں پیدا ہوئی تھیں۔ اس بات سے اس کا شوہر سخت ناراض تھا اور لڑکیوں کی پیدائش کی وجہ سے بیوی کو ہراساں کرنے لگا اور نشہ کی حالت میں گھر پہنچ کر بیوی کو زدوکوب کرتا تھا۔ اس بات سے تنگ آکر ناگرانی نے 14مارچ کو خود سوزی کرلی جو علاج کے دوران کل رات فوت ہوگئی۔ ایل بی نگر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔