رکن تلنگانہ اسٹیٹ مائناریٹی کمیشن محمد اطہراللہ کا بیان
حیدرآباد۔5۔مارچ(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں اقلیتوں اور مسلمانوں سے ہونے والی ناانصافیوں کو دور کرنے اور حکومت تلنگانہ کی جانب سے ریاست کی اقلیتوں کے لئے فراہم کی جانے والی اسکیمات کے ثمرات ان تک پہنچانے کے لئے کوشش کرنا میری اولین ذمہ داری ہوگی۔ جناب محمد اطہر اللہ رکن تلنگانہ ریاستی اقلیتی کمیشن نے انہیں کمیشن میں شامل کئے جانے پر چیف منسٹر کے چند رشیکھر راؤ‘ ریاستی وزراء کے ٹی راما راؤ‘ ٹی ہریش راؤ کے علاوہ رکن اسمبلی عادل آباد جوگورمنا سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے کمیشن میں انہیں شامل کرتے ہوئے ریاست کے اقلیتوں کی خدمت کا موقع فراہم کیا ہے اور وہ اس کے لئے حکومت کے شکر گذار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت اقلیتوں کی ترقی و فلاح و بہبود کے معاملہ میں سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اس کے باوجود ریاست میں موجود اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو کئی مسائل کاسامنا ہے جنہیں دور کرنا اور حکومت کو اس جانب متوجہ کروانا ان کی ذمہ داری ہے اور وہ ممکنہ حد تک اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کی کوشش کر یں گے۔ جناب محمد اطہر اللہ نے بتایا کہ مختلف محکمہ جات کی جانب سے اقلیتوں کے لئے چلائی جانے والی اسکیمات اور اقلیتی اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے علاوہ ریاست کے تمام اقلیتی طبقات کو سرکاری اسکیمات سے مستفید کروانے کے سلسلہ میں اقدامات کے لئے وہ کمیشن کے ذریعہ عملی کوششوں کو یقینی بنائیں گے ۔م