اقلیتوں کی بھلائی اور ان کے تحفظ کیلئے کانگریس حکومت کے اقدامات

   

ریاستی وزیر اتم کمار ریڈی کی جنوبی ہند کے عیسائی کیتھولک رہنما سے ملاقات

حیدرآباد۔/24ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ نئی کانگریس حکومت ریاست میں اقلیتی طبقات کی بھلائی اور ان کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ اتم کمار ریڈی نے آج کیتھولک کرسچن کمیونٹی کے جنوبی ہند کے سربراہ کارڈینل پولا انتھونی سے کرسمس کے موقع پر ملاقات کی اور عیسائی طبقہ کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کرسمس کی تقاریب میں حصہ لیا۔ اس موقع پر اتم کمار ریڈی نے کانگریس کے سیکولر کردار کا ذکرکیا اور کہا کہ کانگریس پارٹی تمام طبقات کو ترقی اور فلاح و بہبود میں مساوی حصہ داری میں یقین رکھتی ہے۔ خاص طور پر اقلیتی طبقات کی بہتری کیلئے حکومت اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں اقلیتی طبقات بالخصوص عیسائی طبقہ کو تحفظ فراہم کرنے کے علاوہ ان کے حقوق، جائیدادوں اور مذہبی آزادی کا تحفظ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران کانگریس نے عیسائی طبقہ کے ساتھ جو وعدے کئے ہیں ان پر عمل آوری کی جائے گی۔ مرکز کی بی جے پی زیر قیادت حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ اقلیتوں میں عدم تحفظ کا احساس پیدا کیا گیا ہے۔ انہوں نے پاسٹرس پر حملوں کے حالیہ واقعات کا حوالہ دیا اور کہا کہ بی جے پی حکومت نے خاطیوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ تلنگانہ کی کانگریس حکومت مذہبی اقلیتوں کے خلاف کسی بھی تشدد کو ہرگز برداشت نہیں کرے گی۔ ریاستی وزیر نے تلنگانہ عوام کو سالِ نو اور کرسمس تقاریب کی مبارکباد پیش کی۔ر