اقلیتی بہبود پر اعلیٰ سطحی اجلاس، اردو اکیڈیمی کی گولڈن جوبلی تقاریب، اظہرالدین اور صدورنشین کی شرکت
حیدرآباد ۔18 ۔ جون (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ ریاست میں اقلیتوں کی سماجی ، معاشی اور تعلیمی ترقی کیلئے حکومت سنجیدہ ہے ۔ اقلیتوں کی بھلائی کیلئے بجٹ میں اضافی فنڈس مختص کئے گئے اور اسکیمات پر موثر عمل آوری کی ہدایت دی گئی ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے سکریٹریٹ میں اقلیتی بہبود پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین ، صدرنشین وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی ، صدرنشین اردو اکیڈیمی طاہر بن حمدان ، صدرنشین ٹمریز فہیم قریشی ، صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن عبید اللہ کوتوال، سکریٹری اقلیتی بہبود بی شفیع اللہ ، پرنسپل سکریٹری فینانس سندیپ کمار سلطانیہ ، صدر نشین کرسچین میناریٹی فینانس کارپوریشن دیپک جان اور دوسروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تلنگانہ اردو اکیڈیمی کی گولڈن جوبلی تقاریب حیدرآباد اور تمام اضلاع کے ہیڈکوارٹرس پر منعقد کی جائے ۔ مشاعرہ اور دیگر پروگرامس منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے لال بہادر اسٹیڈیم میں گولڈن جوبلی تقاریب کے انعقاد کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے ہر ضلع میں اقلیتوں کیلئے اقامتی اسکولس قائم کئے گئے ہیں۔ 20 اقامتی اسکولوں کی ذاتی عمارتوں کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے۔ مزید 17 اسکولوں کے تعمیری کام مختلف مراحل میں ہیں۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ تعمیری کاموں کی عاجلانہ تکمیل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے فینانس کارپوریشن کے عہدیدارں سے کہا کہ راجو یووا وکاسم اسکیم کے تحت اقلیتی امیدواروں کو معاشی امداد کی اسکیم پر عمل آوری کا منصوبہ تیار کریں۔ کرسچین میناریٹی کی بھلائی کیلئے 50 کروڑ مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ اوقافی اراضیات کے تحفظ کیلئے اقدامات کریں اور غیر مجاز قبضوں سے اوقافی اراضیات کا تحفظ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے حصار بندی کی جائے ۔ انہوں نے خاطر خواہ مسلم آبادی والے اضلاع میں ضلع اور ڈیویژن کی سطح پر قبرستانوں کیلئے اراضی الاٹ کرنے کی ہدایت دی اور اس سلسلہ میں اراضی الاٹ کرنے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی گئی۔ وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین نے بھٹی وکرمارکا کو محرم کے دوران عاشور خانوں کی زیارت کی دعوت دی۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ وہ محرم کے دوران اہم عاشور خانوں کی زیارت کریں گے۔ 1/k