اقلیتی اداروں میں نامزد عہدوں پر تقررات کیلئے احکام جاری

   

طاہر بن حمدان صدر اردو اکیڈیمی اور عبید اللہ کوتوال صدر نشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن نامزد

حیدرآباد۔ یکم مارچ۔(سیاست نیوز) تلنگانہ میں نامزد عہدوں پر تقررات کا عمل شروع ہوچکا ہے محکمہ اقلیتی بہبود کے تین اداروں میں تقررات عمل میں لائے جاچکے ہیں۔ حکومت کے احکامات کے مطابق جناب طاہر بن حمدان سینئر کانگریس قائد کو صدر اکیڈیمی نامزد کیاگیا ہے ۔ حکومت نے اردو اکیڈیمی کیلئے جی اوآر ٹی نمبر 17جاری کرکے اکیڈیمی میں 4نامزد ارکان کے تقرر کو منظوری دی ہے جن میں سیکریٹری اقلیتی بہبود‘ سیکریٹری محکمہ فینانس‘ کمشنر و ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کے علاوہ ڈائرکٹر سیکریٹری تلنگانہ اردو اکیڈیمی کو بہ اعتبار عہدہ رکن بنایا گیا ہے۔تلنگانہ اردو اکیڈیمی کی معیاد 3 سال کی رکھی گئی جبکہ حکومت نے جی او آر ٹی نمبر 19جاری کرکے محبوب نگر سے تعلق رکھنے والے سینئر قائد جناب عبید اللہ کوتوال کو صدرنشین تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے عہدہ پر نامزد کرنے احکام جاری کئے ہیں۔ احکام کے مطابق جناب عبیداللہ کوتوال کی معیاد بھی 3سال ہوگی۔ تلنگانہ کرسچن فینانس کارپوریشن صدرنشین کی حیثیت سے مسٹر کے دیپک جان کو نامزد کرنے احکامات جاری کئے گئے اور جی او آر ٹی نمبر 18 جاری کیا گیا ۔ ان احکام کے بعد محکمہ اقلیتی بہبود کے 4 اداروں تلنگانہ وقف بورڈ ‘ تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن ‘ تلنگانہ اردو اکیڈیمی کے علاوہ کرسچن اکیڈیمی کے صدورنشین کا تقرر کیا جاچکا ہے اور تلنگانہ حج کمیٹی صدرنشین کے متعلق حکومت نے ابھی کوئی قطعی فیصلہ نہیں کیا ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ آئندہ دو یوم میںحکومت صدرنشین حج کمیٹی کے نام کو قطعیت دے کر احکام جاری کرے گی۔ ذرائع کے مطابق تلنگانہ حج کمیٹی صدرنشین عہدہ کیلئے مولانا سید شاہ غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ کے نام کو قطعیت دی جاچکی ہے لیکن بعض تبدیلیوں کے ساتھ انہیں یہ عہدہ حوالہ کیا جاسکتا ہے۔ محکمہ اقلیتی بہبود کے علاوہ حکومت سے دیگر محکمہ جات کے کارپوریشن و اداروں میں صدورنشین و ڈائرکٹرس کے تقررات کا جائزہ لیا جا رہاہے۔3