اقلیتی اداروں کے صدورنشین کے ساتھ جائزہ اجلاس، بجٹ کی اجرائی پر عہدیداروں کو ہدایات
حیدرآباد۔/25 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کے مشیر برائے اقلیت و کمزور طبقات محمد علی شبیر نے کہا کہ حکومت اقلیتوں سے متعلق فلاحی اسکیمات پر موثر عمل آوری کے حق میں ہے اور چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اسکیمات کیلئے درکار بجٹ جاری کرنے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے مشورہ پر محمد علی شبیر نے اقلیتی اداروں کے صدورنشین اور اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں اداروں کی کارکردگی اور انہیں درکار بجٹ کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صدرنشین وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی، صدر اردو اکیڈیمی طاہر بن حمدان، صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن عبیداللہ کوتوال، صدرنشین کرسچن فینانس کارپوریشن دیپک جان اور اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال نے شرکت کی۔ بعد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہا کہ بجٹ 2024-25 میں اقلیتی بہبود کیلئے مختص فنڈز کی اجرائی کا جائزہ لیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی جانب سے اسمبلی الیکشن سے قبل جاری کردہ میناریٹیز ڈیکلریشن پر عمل آوری پر بات چیت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر جاریہ اسکیمات کے علاوہ میناریٹیز ڈیکلریشن میں شامل وعدوں پر عمل آوری کے حق میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اردو اکیڈیمی کے کمپیوٹر سنٹرس اور لائبریریز کو عصری بنانے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سنٹرس کو عصری ٹکنالوجی کے ذریعہ اپ گریڈ کیا جائے اور دیگر علاقوں میں نئے مراکز قائم کئے جائیں۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ ائمہ و موذنین کو حکومت سے باقاعدہ اعزازیہ جاری کیا جارہا ہے۔ محمد علی شبیر کی توجہ دہانی پر اسپیشل چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ نے ایک ماہ کے اعزازیہ کی رقم جاری کردی ۔ اجلاس میں اردو گھر شادی خانوں کی تعمیر کا جائزہ لیا گیا۔ وقف بورڈ سے مساجد، عیدگاہوں، چرچس اور قبرستانوں کی تعمیر و مرمت کیلئے گرانٹ ان ایڈ کی اجرائی کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ انہوں نے اوورسیز اسکالر شپ اسکیم کی رقم فوری جاری کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی اور شادی مبارک اسکیم پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں حیدرآباد میں اسلامک کلچرل سنٹر اورکرسچن بھون کی تعمیر میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اقلیتی اداروں میں مخلوعہ جائیدادوں پر جلد تقررات عمل میں آئیں گے تاکہ اداروں کی کارکردگی بہتر ہو۔ چیف منسٹر توقع ہے کہ 27 اگسٹ کو اقلیتوں اور ایس سی، ایس ٹی طبقات کی کارکردگی پر جائزہ اجلاس منعقد کریں گے۔ اجلاس میں اہم فیصلوں کا امکان ہے۔1