خانگی اداروں سے یادداشت مفاہمت، 15 اگست سے آغاز
حیدرآباد۔ 12 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے تحت 205 اسکولوں میں طلبہ کو آرٹیفیشل انٹلی جنس، ڈیجیٹل سیفٹی اور سائبر اویرنیس میں ٹریننگ کا فیصلہ کیا گیا جس کا 15 اگست سے آغاز ہوگا۔ تلنگانہ حکومت نے خانگی اداروں ماسک نکسٹجن اور DOXA کنسلٹنگ پرائیویٹ لمیٹیڈ سے اشتراک کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے گئے۔ خانگی اداروں میں اپنی سماجی ذمہ داریوں کی تکمیل کے تحت 3 سال تک اقلیتی اقامتی اسکولوں کے طلبہ کو حکومت پر کسی اضافی بوجھ کے بغیر ہی آرٹیفیشل انٹلی جنس اور دیگر شعبہ جات میں ٹریننگ کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہر الدین نے کہا کہ آرٹیفیشل انٹلی جنس موجودہ وقت کی ضرورت بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کی ٹریننگ سے طلبہ عصری ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہوں گے اور ان کے بہتر مستقبل کی راہ ہموار ہوگی۔ ماسک کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اے ترویویدی نے بتایا کہ ٹریننگ کے تحت آرٹیفیشل انٹلی جنس لیٹریسی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، آن لائن سیفٹی اور دیگر ٹیکنالوجی سے طلبہ کو ہم آہنگ کیا جائے گا۔ موجودہ عصری ٹیکنالوجی کی اسکولوں میں ٹریننگ سے طلبہ اسکولی سطح سے ٹیکنالوجی سے وابستہ ہوں گے۔ ٹریننگ کے سلسلہ میں 24 سیشن کا اہتمام کیا جائے گا۔ ہر ہفتہ ایک مرتبہ طلبہ کے لئے یہ سیشن ہوگا۔ آرٹیفیشل انٹلی جنس کا نصاب عصری ضرورتوں کے مطابق تیار کیا جارہا ہے۔ DOXA کنسلٹنگ پرائیویٹ لمیٹیڈ کے فاؤنڈر و چیف ایگزیکٹیو آفیسر جوزف کرسٹوفر نے کہا کہ مستقبل میں ٹیکنالوجی سے بہتر مواقع کے حصول میں طلبہ کو مدد ملے گی۔ سکریٹری اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی ڈی شفیع اللہ نے کہا کہ اقامتی اسکولوں میں نصابی تعلیم کے علاوہ عصری ٹیکنالوجی کی ٹریننگ کا مقصد 205 اقامتی اداروں کے 80 ہزار طلبہ کے مستقبل کو تابناک بنانا ہے۔ محمد اظہر الدین نے سوسائٹی اور خانگی اداروں کو مبارکباد پیش کی۔ 1؍F