اقلیتی اقامتی اسکولی طلبہ کے یونیفارم کا رنگ تبدیل

   

گلابی رنگ کے اثرات کو کم کرنے کے اقدامات، نیا رنگ آسمانی ہوگا
حیدرآباد۔19اپریل(سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی اقلیتی اقامتی اسکولوں میں تعلیم حاصل کررہے طلبہ کے یونیفارم کا رنگ تبدیل کردیا گیا ہے۔ریاست میں اقتدار کی تبدیلی اور کانگریس کو اقتدار حاصل ہونے کے بعد کئے جانے والے فیصلوں میں کئی اہم فیصلے کئے گئے ہیں اور اب تلنگانہ ریاستی اقلیتی اقامتی اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کے یونیفارم کے رنگ کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو اب تک گلابی رنگ کا ہوا کرتا تھا اسے حکام نے تبدیل کرتے ہوئے آسمانی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاست کے مختلف محکمہ جات میں جہاں گلابی رنگ کے اثرات تھے انہیں کم کرنے کے اقدامات کے طور پر کی جانے والی کاروائیوں کے حصہ کے طور پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ تلنگانہ میں سابقہ حکومت بھارت راشٹرسمیتی کے دور میں شروع کئے گئے ان اقلیتی اقامتی اسکولوں میں سوسائٹی نے بھارت راشٹرسمیتی کے گلابی رنگ کی مناسبت سے یونیفارم کا انتخاب کیا تھا لیکن اب ریاست میں کانگریس کو اقتدار حاصل ہونے کے بعد عہدیدار حکومت کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے طلبہ کے یونیفارم کے رنگ کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق تلنگانہ ریاستی اقلیتی اقامتی اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کے لئے نئے یونیفارم جو کہ سوسائٹی کی جانب سے فراہم کئے جائیں گے ان کے رنگ ہلکے آسمانی اور گہرے اودے ہوں گے اس کے علاوہ دیگر تبدیلیاں کئے جانے کے بھی امکان ظاہر کئے جا رہے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ حکومت تلنگانہ کے اعلیٰ عہدیداروں سے مشاورت کے بعد کئے گئے اس فیصلہ کے سلسلہ میں چیف سیکریٹری کو واقف کروایا جاچکا ہے اور نئے یونیفارم کا اطلاق نئے تعلیمی سال 2024-25 سے کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں ٹمریز سوسائٹی نے ٹنڈر طلب کرنے کے سلسلہ میں چیف سیکریٹری کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اجازت طلب کی ہے ۔اس کے علاوہ دیگر امور کے لئے بھی ٹنڈر طلبی کی اجازت کا ٹمریز کو انتظار ہے۔ عہدیداروں کے مطابق چیف سیکریٹری کی جانب سے اجازت کے حصول کے بعد تلنگانہ ریاستی اقلیتی اقامتی اسکولوں کے ٹنڈرس کا اعلان کیا جائے گا۔3