اردو میں مواد کی فراہمی ، ہر ضلع میں 100 امیدواروں کا نشانہ: شاہنواز قاسم
حیدرآباد۔2 ۔ مئی (سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے سرکاری جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں اقلیتی امیدواروں کو کوچنگ کی فراہمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ گروپ۔I ، II ، III اور IV امتحانات کے لئے ریاست کے تمام 33 اضلاع میں 6 مئی سے کوچنگ کلاسس کا آغاز ہوگا۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود و میناریٹیز اسٹڈی سرکل شاہنواز قاسم آئی پی ایس نے بتایا کہ گروپ I ، II اور III کیلئے مشترکہ کوچنگ دی جائے گی جبکہ گروپ IV کیلئے علحدہ کلاسس کا اہتمام کیا جائے گا۔ ایسے امیدوار جنہوں نے اسٹڈی سرکل یا ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر کے پاس درخواستیں داخل کی ہے اور اپنے سرٹیفکٹس کی زیراکس جمع کی انہیں ای میل اور واٹس ایپ کے ذریعہ کوچنگ کے مقامات کی اطلاع دی جائے گی ۔ ایسے امیدوار جنہوں نے ابھی تک سرٹیفکٹس کی زیراکس جمع نہیں کی ہو، وہ فوری طور پر متعلقہ عہدیدار سے رجوع ہوں تاکہ کوچنگ میں شامل کیا جاسکے۔ حیدرآباد کے امیدواروں کیلئے اردو مسکن خلوت میں کوچنگ کا اہتمام کیا جارہاہے ۔ حیدرآباد میں 1100 درخواستیں موصول ہوئیں اور 600 امیدواروں نے اپنے سرٹیفکٹس کی زیراکس داخل کی۔ شاہنواز قاسم نے بتایا کہ امیدواروں میں اضافہ کی صورت میں حج ہاؤز کی عمارت میں بھی کوچنگ کا اہتمام کیا جائے گا۔ اضلاع کے امیدوار کوچنگ کی تفصیلات حاصل کرنے کیلئے متعلقہ ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسرس سے ربط قائم کرسکتے ہیں۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے ہر ضلع میں 100 امیدواروں کو کوچنگ کا نشانہ مقرر کیا ہے لیکن کئی اضلاع میں درخواستوں کی تعداد مایوس کن ہے۔ شاہنواز قاسم نے بتایا کہ ہر ضلع میں 50 تا 70 درخواستیں داخل کی گئیں ہیں ، ان میں سے سنجیدہ امیدواروں کا انتخاب کرتے ہوئے کوچنگ دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اردو میں امتحانات لکھنے کی سہولت کے پیش نظر اردو زبان میں مٹیریل کے ترجمہ کا کام جاری ہے۔ اردو میں امتحان لکھنے کے خواہشمند امیدواروں کو اردو مواد پی ڈی ایف کی شکل میں حوالے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فیکلٹیز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ انگلش اور اردو دونوں زبانوں میں لکچر دیں تاکہ اردو میڈیم کے طلبہ کو سہولت ہو۔ حکومت نے 80 ہزار جائیدادوں پر تقررات کا فیصلہ کیا ہے اور گروپ I کے علاوہ پولیس ڈپارٹمنٹ میں تقررات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ۔ ر