اقلیتی اداروں میں مستقل عہدیداروں کے تقرر کی حمایت : احمد بن عبداللہ بلعلہ
حیدرآباد۔30جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میںمحکمہ اقلیتی بہبود کے بجٹ کا مجلسی رکن اسمبلی ملک پیٹ جناب احمد بن عبداللہ بلعلہ نے خیر مقدم کیا اور کہا کہ حکومت اس بجٹ کے اخراجات کو یقینی بنانے محکمہ اقلیتی بہبود کے ملازمین کی تعداد میں اضافہ کو یقینی بنائے۔ جناب احمد بلعلہ نے بجٹ پر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے حکومت کی توجہ محکمہ اقلیتی بہبود میں عملہ کی قلت پر مبذول کروائی اور کہا کہ محکمہ اقلیتی بہبود میں جملہ 264 ملازمین ہیں اور محکمہ اقلیتی بہبود کے تحت اداروں کے کام کاج عہدیدارو ںکو اضافی ذمہ داریاں حوالہ کرکے کروائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقلیتی ادارہ جات میں مستقل عہدیداروں کا تقرر کیا جائے تاکہ بجٹ میں مختص رقومات کو خرچ کیا جاسکے ۔رکن اسمبلی نے تلنگانہ وقف بورڈ بجٹ میں اضافہ کی اپیل کی اور کہا کہ تلنگانہ میں درگاہوں کی ترقی اور مذہبی سیاحت کے فروغ کیلئے بجٹ مختص کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے آئمہ و مؤذنین کو مشاہرہ کیلئے کی گئی 120 کروڑ کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے اپنے اقلیتی اعلامیہ میں جو وعدہ کیا تھا کہ آئمہ و مؤذنین کے مشاہرہ میں اضافہ کیا جائے گا اسے پورا کرنے اضافی فنڈس درکار ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس کے وعدہ کے مطابق درگاہوں کے خادموں کو بھی مشاہرہ کی فراہمی کا منصوبہ تھا لیکن اس کا بجٹ میں کوئی تذکرہ نہیں ہے ۔انہوں نے ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر فینانس ملو بھٹی وکرمارک کی توجہ مبذول کرواتے ہوئے کہا کہ ان امور کے علاوہ بے روزگاری سے پاک تلنگانہ کی تشکیل کیلئے تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کو ماہانہ 4000 ہزار روپئے وظیفہ کی اسکیم پر عمل کیا جائے ۔جناب احمد بلعلہ نے پیشرو حکومت سے قبرستانوں کیلئے مختص اراضیات کو وقف بورڈ کے حوالہ کرنے کی خواہش کی ۔3