اقلیتی بہبود پر آندھراپردیش میں 20 ہزار کروڑ سے زائد کا خرچ: جگن

,

   

580 ایکر اوقافی اراضی کا تحفظ، تحفظات پر عمل آوری، یوم اقلیتی بہبود سے چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد ۔11 ۔ نومبر (سیاست نیوز) ملک کے پہلے وزیر تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد کی 135 ویں یوم پیدائش کے موقع پر آندھراپردیش حکومت کی جانب سے یوم قومی تعلیم اور یوم اقلیتی بہبود منایا گیا۔ گنٹور میں منعقدہ اس پروگرام میں چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے شرکت کی اور مسلمانوں کی تعلیمی اور معاشی ترقی کیلئے حکومت کے سنجیدہ اقدامات کا حوالہ دیا۔ وائی ایس جگن موہن ریڈی نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ ہر مسلمان نوجوان نہ صرف قومی بلکہ عالمی سطح پر مسابقت کے قابل رہے۔ ہر شعبہ میں اقلیتوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے حکومت نے اسکیمات تیار کی ہیں۔ مولانا ابوالکلام آزاد کی ملک کے لئے خدمات کو خراج پیش کرتے ہوئے جگن موہن ریڈی نے کہا کہ غریب مسلمانوںکو تحفظات فراہم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے اقلیتوں کی بھلائی کیلئے ایک قدم بڑھایا تو وہ اقلیتوں کیلئے دو قدم آگے چلنے تیار ہیں۔ اقلیتوں کیلئے ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی خدمات ناقابل فراموش ہیں انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش میں مسلمانوں کو حکومت نے مناسب نمائندگی دی گئی ہے۔ ایک مسلمانوں کو ڈپٹی چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز کیا گیا اور 4 مسلم ارکان کونسل نامزد کئے گئے اور قانون ساز کونسل کے نائب صدرنشین کے عہدہ پر اقلیتی قائد کو مقرر کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ گزشتہ تین برسوں میں حکومت کی ڈی بی ٹی اسکیم کے ذریعہ 10309 کروڑ جاری کئے گئے جبکہ نان ڈی بی ٹی سے 10,000 کروڑ کی اجرائی عمل میں آئی ہے۔ چندرا بابو نائیڈو حکومت نے پانچ برسوں میں اقلیتوں کی بھلائی پر 2665 کروڑ خرچ کئے تھے جبکہ وائی ایس آر کانگریس حکومت نے تین برسوں میں 20 ہز ار کروڑ سے زائد کی رقم جاری کی ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ہر مسلمان کو زیور تعلیم سے آراستہ کرتے ہوئے تعلیمی پسماندگی کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ تعلیمی اداروں میں انفراسٹرکچر اور بنیادی سہولتوں کو بہتر بنایا گیا۔ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے اقدامات کئے گئے اور ابھی تک 580 ایکر اوقافی اراضی قابضین سے واپس لی گئی ہے۔ چیف منسٹر نے اقلیتوں سے کہا کہ حکومت ان کی ہے اور وہ ترقی اور بھلائی کے بارے میں مطمئن رہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ دیگر طبقات کے مماثل اسکیمات اقلیتوں کیلئے بھی عمل کی جارہی ہے۔ یوم اقلیتی بہبود میں چیف سکریٹری کے علاوہ اقلیتی طبقہ کے عوامی نمائندوں نے شرکت کی۔ر