ریاستوں ومرکز کے زیر انتظام علاقوں کے وزراء کی قومی کانفرنس سے کرن رجیجو کا خطاب
نئی دہلی،13ستمبر (یواین آئی) مرکزی اقلیتی امور کے وزیر کرن رجیجو نے کہا کہ ایک نئے ویژن کے ساتھ ہم اقلیتی نوجوانوں، خواتین اور تمام برادریوں کے فائدے کیلئے پالیسیوں میں تبدیلی لا رہے ہیں۔ رجیجو نے ہفتہ کو یہاں اقلیتی بہبود کیلئے ریاستوں/مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے وزراء کی قومی کانفرنس میں کہا کہ ایک نئے ویژن کے ساتھ ہم پالیسیوں میں تبدیلیاں لا رہے ہیں اور پہلے کے اقدامات کو زیادہ رفتار کے ساتھ آگے بڑھا رہے ہیں، خاص طور پر اقلیتی نوجوانوں، خواتین اور تمام کمیونٹیز کے فائدے کے لیے کام کیا جارہا ہے۔ رجیجو نے زور دیکر کہا کہ نمائندوں کی تجاویز اقلیتی برادریوں کی ترقی اور فائدے کے لیے اصلاحاتی روڈ میپ کی تیاری ضروری ہیں۔ کانفرنس میں آٹھ ریاستوں کے وزراء نے شرکت کی جن میں بہار سے محمد زمان خان، مہاراشٹرا سے ایڈوکیٹ منلکاراؤ کوکاٹے ، ناگالینڈ سے امکونگمار، اڈیشہ سے نتیانند گونڈ، ٹاملناڈو سے ایس ایم ناصر، تری پورہ سے شکلا چرن نوآتیہ، اتر پردیش سے اوم پرکاش راج بھر اور اروناچل پردیش سے کینٹو جینی شامل ہیں ۔ کانفرنس میں ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے وزراء اور سکریٹریوں نے ہندوستان بھر میں اقلیتی برادریوں کی فلاح و بہبود کیلئے اسکیموں کے نفاذ کو مضبوط بنانے کے لیے تجاویز کا اشتراک کیا۔ اقلیتی امور کے وزیر مملکت جارج کورین نے تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ خدمات کی موثر فراہمی اور پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کے لیے ‘اصلاح، کارکردگی، تبدیلی اور معلومات’ کے منتر پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ پردھان منتری ہیریٹیج اگمنٹیشن (پی ایم وکاس) اور پردھان منتری جن وکاس کاریہ کرم (پی ایم جے وی کے ) جیسی جاری اسکیمیں اقلیتی برادریوں کیلئے ہنر مندی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو فروغ دے رہی ہیں۔