الکٹرانک ووٹنگ مشینس کا پارلیمانی انتخابات میں دوبارہ استعمال!

   

اسمبلی نتائج پرسیاسی قائدین کو شکوک و شبہات برقرار ‘ انتخابی حکام نے اندیشوں کو مسترد کرد یا
حیدرآباد۔20جنوری(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات کے دوران استعمال کئے گئے الکٹرانک ووٹنگ مشین ہی پارلیمانی انتخابات کے دوران رائے دہی کیلئے استعمال کئے جائیں گے۔تلنگانہ اسمبلی انتخابات کی انتخابی مہم کے دوران ماحول اور صورتحال کا جائزہ لینے والوں کی جانب سے جو قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں وہ نتائج کے بعد یکسر غلط ثابت ہوئیں اور نتائج کے فوری بعد اپوزیشن جماعتوں کے علاوہ سیاسی ماہرین نے تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے نتائج کو فوری قبول نہیں کیا بلکہ ان نتائج پر شبہات کا اظہار کیا جانے لگا تھا اور اب بھی کئی قائدین ان نتائج کیلئے الکٹررانک ووٹنگ مشین کو ذمہ دار قرار دے رہے ہیں لیکن انتخابی عملہ اور عہدیداروں کی جانب سے ان الزامات کو مسترد کیا جا رہاہے اور کہا جار ہاہے کہ الکٹرانک ووٹنگ مشین میں کسی قسم کی دھاندلی کی کوئی گنجائش موجود نہیں ہے۔ سیاسی قائدین اور جماعتوں کی جانب سے الکٹرانک ووٹنگ مشینو ںمیں دھاندلی کی باضابطہ تحریری شکایات درج کروائی گئی ہیں لیکن اس کے باوجود بھی عہددیداروں نے الزامات کو خارج کردیا ہے

اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ چند ماہ کے دوران منعقد ہونے والے عام انتخابات میں تلنگانہ میں وہی الکٹرانک ووٹنگ مشین استعمال کئے جائیں گے جو تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں استعمال کئے گئے ہیں۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ضلع انتخابی عہدیدار اور ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے منعقدہ اجلاس کے دوران اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ فہرست رائے دہندگان میں موجود خامیوں کو دور کرنے کی ممکنہ کوشش کی جائے گی اور جو الکٹرانک ووٹنگ مشین ریاستی اسمبلی کے انتخابات کے دوران استعمال کئے گئے ہیں ان ہی مشینوں کو پارلیمانی انتخابات میں استعمال کیا جائے گا۔ تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے نتائج کے فوری بعد ریاست کے قد آور قائدین نے الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگائے تھے اور یہ الزام عائد کئے گئے تھے کہ ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلیاں کی گئی ہیں اور اس کے لئے الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا بھی استعمال کیا گیا ہے ۔ ان الزامات کے باوجود تلنگانہ ریاستی اسمبلی انتخابات میں مستعملہ الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا ہی تلنگانہ میں پارلیمانی انتخابات کیلئے استعمال کیا جانا کہاں تک درست ہے!تلنگانہ ریاستی اسمبلی انتخابات کے بعد عوام اور کئی رائے دہندوں نے بھی الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی کارکردگی پر کئی سوال کھڑے کئے تھے اور اب دوبارہ ان مشینوں کے استعمال کے فیصلہ سے رائے دہی کے نظام پر عوام کا اعتماد ختم ہونے کا خدشہ ہے۔

پارلیمانی انتخابات کے دوران ریاست تلنگانہ میں الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال کے سلسلہ میں فیصلہ کا اختیار الیکشن کمیشن آف انڈیا کو ہے لیکن اس سے قبل ہی ریاستی الیکشن کمیشن اور ضلع انتخابی عہدیداروں کی جانب سے اسمبلی انتخابات کے دوران استعمال کئے گئے الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال کے متعلق فیصلہ سے مزید شبہات پیدا ہونے لگے ہیں ۔ سیاسی قائدین کا ماننا ہے کہ ریاست میں انتخابی عمل پر عوام اور رائے دہندوں کے اعتماد کو بڑھانے کے اقدامات ناگزیر ہیں اور اس کیلئے الیکشن کمیشن آف انڈیا اور انتخابی عہدیداروں کو اقدامات کرنے چاہئے ۔