الیکشن شفاف قرار دینے پر عہدیدار برطرف ، ٹرمپ کی کارروائی

,

   

واشنگٹن : صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے صدارتی انتخابات کو شفاف ترین قرار دینے پر ڈائریکٹر ہوم لینڈ سائبر سیکیورٹی اینڈ انفرا اسٹرکچر کرسٹوفر کربز کو عہدے سے فارغ کر دیا۔ڈونالڈ ٹرمپ نے امریکی انتخابات کے دوران سائبر سیکیورٹی کے معاملات دیکھنے والے افسر کرسٹوفر کربز کو برطرف کرنے کا حکم سوشل میڈیا کے ذریعے جاری کیا۔صدر ٹرمپ کی جانب سے ہوم لینڈ سیکیورٹی سائبر اینڈ انفرا اسٹرکچر کے سربراہ کو 3 نومبر کو ہونے والے انتخابات کے حوالے سے ان کے ادارے کی جانب سے لکھے گئے ایک کالم کے باعث عوامی سطح پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا۔اس بلاگ میں کرسٹوفر کربز کے ادارے نے امریکی انتخابات کے حوالے سے فراڈ اور ہیکنگ کے الزامات کو جھوٹ پر مبنی قرار دیا تھا، یہ الزامات زیادہ تر ڈونالڈ ٹرمپ یا ان کے وکلاء کی جانب سے لگائے گئے تھے۔صدارتی الیکشن کو امریکی تاریخ کے شفاف ترین انتخابات قرار دینے والے افسر کرسٹوفر کربز کا معطلی کے بعد امریکی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مجھے فخر ہے کہ میں نے اور میری ٹیم نے سی آئی اے ایس کے لیے کام کیا، ہم نے بہترین کام کیا۔ واضح رہے کہ 3 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے نتائج آنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے اور ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن کو ری پبلکن حریف ڈونالڈ ٹرمپ پر ناقابل شکست برتری حاصل ہے تاہم ٹرمپ کی جانب سے انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔