الیکشن کمیشن انتخابات کے دورانپیڈ نیوز پر کڑی نظر رکھے گا: سبن سی

   

چنڈی گڑھ :پنجاب کے چیف الیکٹورل آفیسر سبن سی نے جمعرات کو کہا کہ الیکشن کمیشن ریاست میں آئندہ لوک سبھا انتخابات کے دوران پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر چلنے والی پیڈ نیوز پر کڑی نظر رکھے گا۔ ڈسٹرکٹ پبلک ریلیشن آفیسرز کے ساتھ ریاستی سطح کی ایک ورچوئل میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے سبن سی نے کہا کہ کمیشن نے اشتہارات، امیدواروں کی مہم اور پیڈ نیوز کے معاملات کی نگرانی کے لیے سخت ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لیے ضلعی سطح پر میڈیا سرٹیفیکیشن اور مانیٹرنگ کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں ڈی پی آر او کو نوڈل آفیسر بنایا گیا ہے ۔
سبن سی نے زور دے کر کہا کہ ان کمیٹیوں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ نیوز چینلز، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور اخبارات میں خبروں کے مواد پر کڑی نظر رکھیں۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے تمام ڈی پی آر اوز کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس طرح کی خبروں کے مواد کی جانچ کریں۔ان سے کہا گیا کہ وہ تندہی سے اپنے فرائض سرانجام دیں اور بعد میں متعلقہ ریٹرننگ آفیسر (آر او) کو پیڈ نیوز، اگر کوئی ہو تو رپورٹ کریں۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی انتخابات کے دوران پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر انتخابات سے متعلق خبروں، فیچرز اور اشتہارات پر نظر رکھے گی۔سبن سی نے کہا کہ کمیٹی اشتہارات کی تصدیق، پرنٹ، سوشل اور الیکٹرانک میڈیا میں خبروں کی نگرانی کے ساتھ ساتھ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی الیکشن سے متعلق تمام خبروں کا ریکارڈ رکھنے کی ذمہ دار ہوگی۔چیف الیکٹورل آفیسر نے کہا کہ ان کمیٹیوں کی تشکیل بہت اہمیت کی حامل ہے کیونکہ ان سے امیدواروں کے انتخابی اخراجات کی موثر نگرانی اور حساب کتاب میں مدد ملے گی۔ انہوں نے ڈی پی آر اوز سے بھی کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ کمیٹی کے ارکان سیاسی جماعتوں، امیدواروں یا ان کے حامیوں کی طرف سے شائع کردہ اشتہاری مواد کو جاری کرنے سے پہلے تصدیق کریں۔